علماءکرام، مشائخ عظام بھائی چارے ، امن کا پرچار کریں: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر جمعة الوداع کی عبادات اور یوم القدس کے موقع پر پنجاب پولیس کے افسران و اہلکاروں نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فرائض ہائی الرٹ ہو کر سرانجام دیئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 32 ہزار 500 سے زائد مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر 83 ہزار سے زائد پولیس افسران، اہلکار اور کمیونٹی رضاکار تعینات کئے گئے۔ یوم القدس کے موقع پر نکالی جانے والی 136 ریلیوں کی سکیورٹی کیلئے 25 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیئے۔ صوبہ بھر میں اے کیٹگری کی 15، بی کیٹگری کی 22 جبکہ سی کیٹگری کی 99 ریلیاں نکالی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے تدارک کیلئے سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھے جائیں جبکہ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں اور بین الصوبائی چیک پوسٹوں پر تعینات اہلکار انتہائی چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر پی اوز اور ڈی پی اوز مساجد، امن کمیٹیوں کے ارکان اور منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ علماءکرام اور مشائخ عظام منبر و محراب سے بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن کا پرچار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کے تعاون سے رمضان المبارک کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اہم مارکیٹوں اور عوامی مقامات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے، بالخصوص مساجد، عبادت گاہوں اور مذہبی اجتماعات کے اطراف سکیورٹی انتظامات مزید سخت کئے جائیں۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب سے سنٹرل پولیس آفس میں ڈی ایس پی خالد محمود نے محکمہ پولیس سے ریٹائرمنٹ کے موقع پر الوداعی ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈی ایس پی خالد محمود کو محکمہ پولیس کیلئے بہترین خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ، تعریفی لیٹر اور کیش ایوارڈ سے نوازا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون سلیمان سلطان رانا نے بھی ڈی ایس پی خالد محمود کو اعزازی شیلڈ اور گلدستہ پیش کیا۔ آئی جی پنجاب اور دیگر سینئر افسران نے خالد محمود کو مدت ملازمت باعزت طور پر مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے آئندہ زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ افسران و اہلکار محکمے کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خالد محمود نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نہایت محنت، ایمانداری اور لگن کے ساتھ سرانجام دیں۔ اس موقع پر ڈی ایس پی خالد محمود نے دوران سروس افسران کی جانب سے ملنے والی راہنمائی اور ریٹائرمنٹ پر عزت افزائی پر آئی جی پنجاب اور دیگر افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں گزارا گیا وقت ان کیلئے باعث فخر ہے۔