پنجاب پولیس ایپ کے تحت ڈیجیٹل سٹیزن سروسز کو وسعت دی جا رہی ہے : آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر) عبدالکریم کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پنجاب پولیس کے آئی ٹی پراجیکٹس میں پیشرفت اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں سے متعلقہ پولیس آئی ٹی سہولیات کو مزید بہتر بنانے اور ان کا دائرہ کار وسیع کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور ڈی آئی جی آئی ٹی نے آئی جی پنجاب کو پولیس کے ڈیجیٹلائزیشن اقدامات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس ایپ کے تحت ڈیجیٹل سٹیزن سروسز کو مزید وسعت دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات آن لائن فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعلیٰ انیشیٹو کے تحت پولیس رولز کو اپ ڈیٹ کر کے آئی ٹی پلیٹ فارمز میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کیلئے آن لائن گمشدگی رپورٹس کے اندراج اور انوسٹی گیشن امور کی ٹریکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام سے شہری گھر بیٹھے اپنے کیسز کی بنیادی صورتحال سے آگاہ رہ سکیں گے اور انہیں تھانوں کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی کے اشتراک سے قومی شناختی کارڈ، پاسپورٹ، تعلیمی اسناد سمیت دیگر دستاویزات کی آن لائن تصدیق کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ اس سہولت کے ذریعے شہریوں کو گمشدگی رپورٹس، ایف آئی آرز اور انوسٹی گیشن کے بنیادی سٹیٹس سے گھر بیٹھے آگاہی حاصل ہو سکے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایم ڈی سیف سٹیز، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، اے آئی جی آئی ٹی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔