17ہزار سے زائد کیمروں سے عوامی تحفظ کا عمل جاری ہے :پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی

لاہور(مرزا ندیم بیگ/تصاویر: میاں شاہنواز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت مجموعی طور پر 17443 سرکاری نگرانی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے عوامی تحفظ، ٹریفک نگرانی اور ای چالان سسٹم چلایا جا رہا ہے۔ اسی نیٹ ورک کے تحت 12.6 ملین سے زائد ای چالانز اب تک مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار طور پر جاری ہو چکے ہیں، جن میں رفتار سے تجاوز، ہیلمٹ نہ پہننا، سیٹ بیلٹ نہ استعمال کرنا اور موبائل فون کے استعمال جیسے قواعد کی خلاف ورزیاں شامل ہیں،راولپنڈی میں نئے ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد پہلے چار دنوں میں 600 سے زائد چالانز جاری کیے گئے، جہاں 2,100 سے زائد سمارٹ کیمرے 360 مختلف مقامات پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی کر رہے ہیں۔ افسران نے بتایا ہے کہ یہ نظام آٹومیٹک طور پر تصاویر اور ڈیٹا کے ذریعے چالان نوٹس براہِ راست گاڑی مالکان کو بھیجتا ہے،اگرچہ پورے صوبے میں سیف سٹی نیٹ ورک فعال طور پر کام کر رہا ہے، سرکاری سطح پر فعال اور خراب کیمروں کی الگ تعداد باضابطہ طور پر جاری نہیں کی گئی، تاہم پرانے جائزوں اور رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ پراجیکٹ کے ابتدائی سالوں میں بعض شہروں میں تقریباً 35 فیصد کیمروں کی عدم فعالیت جیسے مسائل بھی سامنے آئے تھے، جنہیں بعد میں درست کرنے کی کوششیں کی گئی تھیں،سیف سٹی اتھارٹی نے ای چالان سسٹم میں جعلی ویب سائٹس اور فیک ایس ایم ایس سے ہوشیار رہنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں اور مستند معلومات کیلئے صرف 8070 نمبر اور سرکاری ویب سائٹ/ایپ استعمال کرنے پر زور دیا ہے،صوبائی انتظامیہ اور PSCA نے اعلان کیا ہے کہ 98 تحصیلوں میں سمارٹ سیف سٹیز کے قیام کیلئے معاہدے کئے جا چکے ہیں جس سے اگلے سال تک سسٹم کو مزید توسیعی اور مضبوط بنانے کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ای چالان کی تصدیق آفیشل PSCA ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعے کریں اور کسی بھی غیر مستند پیغام یا ویب سائٹ سے محتاط رہیں۔