ٹریفک قوانین سے آگہی وقت کی ضرورت ہے: آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی سیف اللہ بھٹی کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ اسی طرح، مرحوم کانسٹیبل عاطف اسلم کے بیٹے کی بھرتی سے متعلق درخواست پر اے آئی جی لیگل کو ریلیف کی ہدایت کی گئی۔ مزید برآں، ریٹائرڈ لیڈی سینٹری ورکر شریفاں بی بی کی بیٹی کی بھرتی سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور سے ٹریفک وارڈن فواد خان نے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں کو ٹریفک قوانین میں ترمیم، انفورسمنٹ اور موٹر وہیکل آرڈیننس سے متعلق موثر آگاہی فراہم کرنے پر ٹریفک وارڈن فواد خان کی خدمات کو سراہا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ فواد خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ٹریفک قوانین سے متعلق بھرپور اور مثبت آگاہی مہم چلائی جس سے شہریوں میں قوانین پر عملدرآمد کا شعور پیدا ہوا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈن فواد خان کی حوصلہ افزائی کےلئے اسے کیش ایوارڈ اور تعریفی لیٹر سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہریوں میں ترمیم شدہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ٹریفک نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ ٹریفک آگاہی مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا عمل آئندہ بھی جاری رکھا جائیگا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید سب انسپکٹر عامر رضوان کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس اپنے شہداءکی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور شہید کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔