چھوٹے کاروبار معاشی ترقی کی کنجی ہیں: فہیم الرحمن سہگل

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بینکاری سہولیات، فنانسنگ سکیموں اور مالی مصنوعات سے براہِ راست آگاہی فراہم کرنا تھا۔ پورا دن جاری رہنے والی اس ایکسپو میں ملک کے تقریباً تمام بڑے کمرشل بینکوں، اسلامی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپنے سٹالز قائم کئے جہاں لاہور چیمبر کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور ایس ایم ای سیکٹر کیلئے مختص مختلف فنانسنگ پروڈکٹس، ری فنانسنگ اسکیموں، کریڈٹ سہولیات، اسلامی مالیاتی ماڈلز اور ڈیجیٹل بینکاری حل کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ ایکسپو کا افتتاح صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان سید باسط علی، چیف منیجر سٹیٹ بینک طارق ریاض، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی اور نائب صدر سارک چیمبر میاں انجم نثار نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاحی تقریب میں ایس ایم ای فنانس بینکنگ کے کنونیئر سید سلمان علی ،سی ای او ایگزیکٹو ایگزم بینک شہباز سید لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین، مختلف بینکوں کے اعلیٰ حکام، کاروباری شخصیات اور خواتین کاروباری افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ لاہور چیمبر 48 ہزار سے زائد ممبر کمپنیوں کی نمائندگی کر رہا ہے اور یہ پاکستان کا سب سے بڑا اور پریمیئر چیمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ مسابقتی بنانا ہے تو اس کا واحد موثر راستہ ایس ایم ای سیکٹر کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ اور ابھرتے ہوئے ممالک جیسے چین، ویتنام، بنگلہ دیش، جاپان اور تائیوان نے اپنی معاشی ترقی کا سفر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے ذریعے طے کیا، جبکہ پاکستان بدقسمتی سے ابھی اس درست سمت میں پوری طرح قدم نہیں رکھ سکا۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ایس ایم ای فنانس اینڈ بینکنگ ایکسپو اسی خلا کو پر کرنے کی ایک سنجیدہ کوشش ہے جس میں کمرشل بینک اور مالیاتی ادارے شرکت کر رہے ہیں اور اپنے سٹالز کے ذریعے کاروباری برادری کو براہِ راست فنانسنگ پروڈکٹس، قرضہ جاتی اسکیموں اور بینکاری سہولیات سے آگاہ کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹیٹ بینک آف پاکستان سیدباسط علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر حکومت اور سٹیٹ بینک دونوں کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نہ صرف پالیسی سازی بلکہ عملی سطح پر بھی بینکاری شعبے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ ایس ایم ای فنانسنگ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے اصولی بنیادوں پر نئی پر±وڈینشل ریگولیشنز متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ بینکوں کو ایس ایم ای فنانسنگ میں سہولت دی جا سکے۔ سید عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان میں بینکاری نظام بدقسمتی سے زیادہ تر کولیٹرل پر مبنی ہے اور رسک ٹیکنگ کا عنصر محدود ہے، تاہم سٹیٹ بینک کی کوشش ہے کہ فنانسنگ کو بتدریج کیش فلو اور بزنس ماڈلز کی بنیاد پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر ایسے پروڈکٹس تیار کر رہا ہے جو بینکوں اور ایس ایم ایز دونوں کیلئے قابل عمل ہوں۔ انہوں نے خواتین کاروباری افراد کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی شمولیت نہ صرف معاشی ترقی بلکہ سماجی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی “بینکنگ آن ایکویلیٹی” پالیسی کے تحت خواتین کی بینکاری شعبے میں شمولیت کے اہداف کامیابی سے حاصل کیے جا چکے ہیں اور اب “بینکنگ آن ایکویلیٹی وڑن 2.0” پر کام جاری ہے، جس کے تحت مزید بلند اہداف مقرر کئے جائیں گے۔