اشیا خورونوش کی قیمتوں میں تضاد، مسلسل اتار چڑھاو سے عوام مشکلات کا شکار

لاہور(نعےم جاوےد سے) ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں واضح تضاد اور مسلسل اتار چڑھاو نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ ایک ہی صوبے کے مختلف اضلاع میں سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، دالوں، چکن اور گوشت کی قیمتوں میں نمایاں فرق دیکھا جا رہا ہے، جبکہ سرکاری نرخ نامے عملی طور پر غیر موثر دکھائی دیتے ہیں۔ شہری علاقوں کے مقابلے میں بعض دیہی اور مضافاتی علاقوں میں اشیاءمزید مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں جس سے مہنگائی کا دباو مزید بڑھ گیا ہے۔مارکیٹ کمیٹیوں کی جانب سے مقرر کردہ نرخ اکثر کاغذی کارروائی تک محدود نظر آتے ہیں۔ متعدد بازاروں میں دکاندار سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہیں کرتے اور اگر کہیں فہرست لگی بھی ہو تو اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی نہ ہونے کے برابر ہے جس کا فائدہ اٹھا کر منافع خور اور ذخیرہ اندوز اپنی مرضی کے نرخ وصول کر رہے ہیں۔تاجر طبقہ اس صورتحال کی ذمہ داری بڑھتے ہوئے اخراجات، ٹرانسپورٹ کرایوں، بجلی و گیس کے نرخوں میں اضافے اور سپلائی چین کے مسائل پر ڈال رہا ہے۔ دکانداروں کا موقف ہے کہ مارکیٹ کمیٹیاں زمینی حقائق کو نظر انداز کر کے نرخ مقرر کرتی ہیں جس پر عمل کرنا ان کیلئے ممکن نہیں ہوتا، نتیجتاً سرکاری اور اوپن مارکیٹ ریٹ میں فرق پیدا ہو جاتا ہے۔دوسری جانب متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں پر قابو پانے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سروے، چھاپے اور جرمانے کئے جا رہے ہیں، تاہم محدود افرادی قوت اور وسائل کی کمی کے باعث موثر نتائج حاصل نہیں ہو پا رہے۔ حکام کے مطابق بعض علاقوں میں ذخیرہ اندوزی اور غیر قانونی سپلائی کی وجہ سے بھی قیمتیں قابو میں نہیں آ رہیں، جبکہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے ہیلپ لائنز اور کنٹرول رومز فعال ہیں۔ماہرین کے مطابق جب تک مارکیٹ کمیٹیوں کو بااختیار بنانے، شفاف قیمتوں کے تعین، مو¿ثر نگرانی اور سخت قانونی کارروائی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں تضاد ختم ہونا مشکل ہے۔ موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ متاثر عام شہری ہو رہا ہے جو محدود آمدن کے باوجود مہنگی اشیا خریدنے پر مجبور ہے ۔