BISPپروگرام سے ایک کروڑ مستحق خواتین کی مالی معاونت،50 فیصد مفت سمیں تقسیم

لاہور:(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا لاہور میں سینٹرل زونل آفس پنجاب کا دورہ، سوشل پروٹیکشن والٹ کے اجرا، مفت سمز کی فراہمی اور خواتین کو براہ راست ڈیجیٹل ادائیگیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہاملک بھر میں ایک کروڑ مستحق خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے ،50 فیصد مفت سمیں تقسیم کرنے کا ہدف عبور کرلیا،بی آئی ایس پی ملکی تاریخ میں خواتین کے سماجی تحفظ، ڈیجیٹل و مالی نظام میں شمولیت کا سب سے بڑا پروگرام ہے،صدر ،وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات کے مطابق ادائیگیوں کے نظام میں مزید شفافیت و سہولت کےلئے سوشل پروٹیکشن والٹ کا باقاعدہ اجرا کر دیا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہاڈیجیٹل والٹ کے ذریعے رقم براہ راست مستحق خواتین کے ڈیجیٹل والٹس میں منتقل کی جائے گی، دفاتر یا مراکز کے بار بار چکر نہیں لگانے پڑیں گے ،باآسانی اپنی مالی معاونت حاصل کر سکیں گی،مقصد کےلئے مستحق خواتین کو مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں، ڈیجیٹل والٹس بنائے جائیں گے،سمز بالکل مفت اور صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دفاتر و مراکز سے ہی فراہم کی جا رہی ہیں، بی آئی ایس پی کا عملہ سمز پر خواتین کے ڈیجیٹل والٹس فعال کرے گا،بی آئی ایس پی کی کسی بھی سکیم، بالخصوص سمز کے حصول کےلئے کوئی فیس یا رقم نہیں لی جا رہی۔

روبینہ خالد نے کہا بےنظیر شہید بہادری، استقامت و جدوجہد کی علامت ،خواتین کے حقوق اور پاکستان کےلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں، بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا گیا تاکہ مستحق افراد کو معاشی طور پر خود مختار بنایا جا سکے

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ایل ڈی اے سبزہ زار، جی ایچ ایس علی رضا آباد اور شالامار بھگوان پورہ میں قائم بی آئی ایس پی سم تقسیم مراکز بھی گئیں،سوشل پروٹیکشن والٹ کےلئے مفت سمز کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا، عملے کو مستحق خواتین کی مکمل و موثر رہنمائی ، مستحق خواتین کو مفت سم کے حصول، درست استعمال اور تحفظ کیلئے ہدایات دیں۔