وائٹ ہاﺅس کے قریب فائرنگ کرنےوالا افغانی نکلا،واشنگٹن میں مزید فوجی تعینات

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)وائٹ ہاﺅس کے قریب فائرنگ کرنےوالا افغان شہری نکلا،لاک ڈاون ،واشنگٹن میں سکیورٹی ہائی الرٹ، مزید 500 فوجی تعینات کردئیے گئے۔

امریکی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت 29برس کے افغان شہری رحمان لکنوال سے کر لی ،رحمان 2021میں امریکہ آیا ۔

ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے پریس بریفنگ میں تصدیق کی وائٹ ہاوس کے باہر 2نیشنل گارڈ اہلکاروں کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا ،دونوں کی حالت تشویشناک ہے،سکیورٹی اہلکاروں نے بہادری سے حملہ آور کا مقابلہ کیا۔

نیو یارک ٹائمز، سی بی ایس، این بی سی سمیت متعدد میڈیا اداروں نے رپورٹ کیا لکنوال 2021 میں آپریشن الائیس ویلکم کے تحت امریکہ پہنچا ،رحمان لکنوال افغان سپیشل فورسز کےساتھ 10 سال تک قندھار میں تعینات رہا ،بعض امریکی اداروں بشمول سی آئی اے کےساتھ کام بھی کیا، 2024 میں سیاسی پناہ کی درخواست دی ،2025 میں منظور ہوئی۔

ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے افغان شہریوں کی امیگریشن درخواستوں پر فوری پابندی لگا دی،امریکی شہریت و امیگریشن سروسز نے اعلان کیا افغان شہریوں کی تمام امیگریشن درخواستیں غیر معینہ مدت تک روک دی جائیں گی جب تک سکیورٹی پروٹوکول کا دوبارہ جائزہ نہیں لیا جاتا۔

علاوہ ازیں امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے کہا اہلکاروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں ،صدر کے حکم پر سکیورٹی ہائی الرٹ کرکے مزید500فوجی واشنگٹن میں تعینات کردئیے، مقصد دارالحکومت میں سکیورٹی کو مضبوط بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنا ہے۔

دریں اثنا افغان طالبان رجیم پوری دنیا کے امن کیلئے سنگین خطرہ بن گئی،واشنگٹن میں فائرنگ کا واقعہ بڑے عالمی پیٹرن کا حصہ دکھائی دیتا ہے جہاں افغان نژاد نیٹ ورکس دوبارہ سرگرم ہو رہے ہیں، افغان نیٹ ورکس کا یورپ و شمالی امریکہ تک پھیلناعدم استحکام پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے۔

یورپی یونین انسٹی ٹیوٹ آف سکیورٹیز سٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان رجیم کا دہشتگرد گروہوں کےلئے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنا خطے کی سلامتی کےلئے شدید خطرہ ہے، پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک پہلے ہی افغان طالبان رجیم کی دہشتگردوں کیلئے پشت پناہی پر خدشات ظاہر کرچکے ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے افغانستان سے انخلا کے وقت تقریباً 7 ارب ڈالر مالیت کا امریکی فوجی سامان چھوڑا، ہتھیاروں کی افغانستان میں موجودگی بھی بہت بڑا دہشتگردی کا محرک ہے،ہتھیار بیچے جا چکے یا دہشتگرد گروہوں کو سمگل کر دیئے گئے۔