ٹیکسٹائل سیکٹر معیشت کا اہم شعبہ ، 30 فیصد روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہے:صوبائی وزیر صنعت

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) ایکسپو سینٹر جوہر ٹاون میں 3 روزہ 31 ویں ٹیکسٹائل ایشیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر کاانعقادکیاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے نمائش میں شرکت کی اورسٹالز کا معائنہ کیا۔صوبائی وزیر نے نمائش میں رکھی گئی مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔نمائش میں 750سٹالزلگائے گئے جہاں تقریباً 2 ہزار برانڈز رکھے گئے ہیں۔نمائش میں چین، ترکیہ، جرمنی، ویتنام، اٹلی سمیت 20 ممالک کے مندوبین شریک ہیں،اب تک 60 ہزارسے زائد لوگ نمائش کا وزٹ کرچکے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر معیشت کا اہم شعبہ اور 30 فیصد روزگار کی فراہمی کا ذریعہ ہے،قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے اس شعبے کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے قائدِ اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بنایا ہے۔ اگلے 6 ماہ میں چین کی ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی گارمنٹ سٹی میں منتقل ہوگی۔ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کیلئے کپاس کی پیداوار بڑھانا ضروری ہے،کپاس کی فصل سے کاشتکاروں کو نقد ادائیگی بھی ہوتی ہے۔وزیر صنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ کپاس کی پیداوار بڑھانے کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ایس آئی ایف سی بھی کپاس کی پیداوار بڑھانے اور زراعت کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔پنجاب حکومت اس سال 10سے11 ملین کپاس کی پیداوار کاہدف حاصل کرنے کیلئے پر امید ہے۔وفاقی حکومت انٹرسٹ ریٹ سنگل ڈیجٹ پر لانے کیلئے کوشاں ہے۔ چین کے سرمایہ کاروں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے متعدد معاہدے ہوئے ہیں۔پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں بہترین صنعتی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وی وو موبائل کی جلد یہاں مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے گی۔چین کی کمپنی پنجاب میں الیکٹرک گاڑیوں کا ایسمبلنگ پلانٹ لگا رہی ہے،چین کی کمپنی یہاں لیتھیئم بیٹریوں کا مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی لگا رہی ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ ساہیوال میں 200ایکڑ اور سیالکوٹ میں 1400ایکڑ بنجررقبے پر نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بن رہی ہیں۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھایا جارہا ہے۔بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز میں صنعتکاروں کو ایک ہی چھت تلے سہولیات دی جارہی ہیں،کوشش ہے کہ پنجاب میں زیادہ سے انڈسٹری لگے۔جتنی صنعتیں لگیں گی اتنے ہی روز گار کے مواقع بڑھیں گے۔نتائج کے حصول کیلئے فالو اپ بے حد ضروری ہے۔صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن اور ای کامرس گیٹ وے پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ نے مشترکہ طور پر نمائش کا اہتمام کیا تھا۔