بجلی کمپنیاں نقصانات میں کمی، ریکوری بڑھانے میں ناکام، کروڑوں روپے جرمانہ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بجلی کمپنیاں نقصانات میں کمی لانے ،ریکوری بڑھانے میں ناکام ہوگئیں ، نیپرا نے گیپکو، کیسکو اور فیسکوپر 10 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا،نیپرا نے تینوں کمپنیوں کےخلاف فیصلے جاری کردئیے۔
نقصانات میں کمی لانے ، ریکوری بڑھانے میں ناکامی پر گیپکو پر 5 کروڑ،الیکٹرک پولز کی ارتھنگ نہ کرنے پر گیپکو پر ستمبر 2024 سے یومیہ ایک لاکھ روپے ، نقصانات میں اضافے پر کوئٹہ الیکڑک سپلائی کمپنی پر 4 کروڑ ، فیسکو پر 1 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا،نیپرا نے کیسکو کو 15 روز کے اندر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیدیا۔
نیپرا نے کہا مالی سال 2023-24 میں کیسکو کے نقصانات میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا، نقصانات بڑھنے سے قومی خزانے کو 15 ارب 50 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، اس عرصے میں گیپکو کے نقصانات2.61 فیصد بڑھے، نقصانات میں اضافے سے خزانے پر 1 ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑا،فیسکو کے نقصانات میں 0.88 فیصد اضافہ ہوا، نقصانات بڑھنے سے خزانے پر4ارب 80 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا، نیپرا نے کیسکو، گیپکو اور فیسکو کو شوکاز نوٹس جاری کیے تھے،تینوں کمپنیاں سماعت کے دوران نیپرا اتھارٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام رہیں۔



















