غیر ملکیوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کیخلاف مقدمات کاحکم

لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز نے افغان سمیت کسی بھی غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں پر ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنانے کا حکم دےدیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت امن و امان پر مسلسل چھٹا اجلاس ہوا،ا فغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل اورپٹرول پمپ وغیرہ کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کرلی گئی، غیر قانونی طور مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کےلئے مساجد میں اعلان کرانے کی ہدایت کی گئی ، اجلاس میں پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹی کی رپورٹ کرنے کی ڈیوٹی تفویض کی گئی، تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوکر ملازمت کرنے والے افغان سمیت غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کافیصلہ کیا گیا ، پاکستان میں غیر قانونی طور پر ملازمت کرنےوالے افغانوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا، اجلاس میں بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کر لی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کوئی بھی شخص کسی افغان یا غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو پراپرٹی دے گا تو بھرپور ایکشن ہوگا،خانیوال میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان کو پراپرٹی رینٹ کےلئے دینے پر 5 مقدمے درج کیے گئے ہیں۔

صوبے بھر کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کےلئے 45 ہولڈنگ سنٹر قائم ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کوقیام وطعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ دی جارہی ہے، افغان باشندوں کی نشاندہی کےلئے چہرے سے شناخت کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال عمل میں لایا جارہا ہے، پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحہ کےخلاف مہم، عوام نے سی سی ڈی سے رابطے کر لیے، انتہا پسند جماعت کےلئے پرچارکرنےوالے سوشل میڈیا ایکٹویسٹ بھی قانون کی زد میں آگئے، ضروری کارروائی کے بعد پنجاب بھر میں مدارس کو ڈی سیل کرنا شروع کر دیا گیا ،اجلاس میں پنجاب میں مقیم افغان باشندوں کا درست ڈیٹا پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ،وزیر اعلیٰ نے کہا ذمہ داروں کو پکڑا جائے، کوئی بے گناہ زد میں نہ آئے۔

دریں اثنا سالانہ تبلیغی اجتماع کے شرکاءکی سہولت کےلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کے خصوصی اقدامات سے رائےونڈ اور تبلیغی مرکز کی تمام سڑکوں کی تعمیر ومرمت ،بحالی اور پیچ ورک مکمل کر لیے گئے، لاہور ہائی وے ڈیژون نے وزیراعلیٰ کے احکامات پر رائیونڈ کے روڈز پر پیچ ور ک برق رفتاری سے مکمل کر لیے ، 5ارب68 کروڑ کی لاگت سے رائیونڈ کی 70 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے 13پراجیکٹس کی تکمیل کا عمل مکمل کیا گیا ، شفاف ٹینڈرنگ کی بدولت 60 کروڑ روپے کی بچت بھی کی گئی۔