سٹیٹ بینک کا مسلسل چوتھی بار شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

کراچی (بیورو رپورٹ) مسلسل چوتھی بار شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ،سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا،سٹیٹ بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا مانیٹری پالیسی کمیٹی نے 27 اکتوبر 2025 کو ہونے والے اجلاس میں پالیسی ریٹ 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ،اعلامیے کے مطابق زری پالیسی کمیٹی نے اجلاس میں پالیسی ریٹ 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، ستمبر میں عمومی مہنگائی نمایاں اضافے سے 5.6 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ قوزی مہنگائی 7.3 فیصد پر برقرار رہی، وسیع تر معیشت پر حالیہ سیلاب کے اثرات گزشتہ اجلاس کے تخمینے کے مقابلے میں قدرے کم ہیں، فصلوں کو پہنچنے والے نقصانات محدود رہنے کا امکان ہے جبکہ رسد میں بہت کم تعطل آیا، معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی جس کا اندازہ بلند تعدد کے اقتصادی اظہاریوں میں زبردست نمو سے ہوتا ہے، تبدیلیوں کی بنیاد پر میکرو اکنامک منظرنامہ سابقہ اندازوں کے مقابلے میں بحیثیت مجموعی بہتر ہو،بعض عوامل کی بنا پر منظرنامے پر بے یقینی اثر انداز ہو سکتی ہے، مہنگائی کو وسط مدت میں 5 تا 7 فیصد کی حد میں مستحکم رکھنے کےلئے حقیقی پالیسی ریٹ خاصا مثبت ہے، کمیٹی نے مستقبل کے مزید دھچکوں کو جذب کرنے اور اقتصادی سرگرمی کی جاری رفتار میں اضافے میں مدد کےلئے بیرونی اور مالیاتی بفرز کی مسلسل تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا بشرطیکہ مہنگائی اور بیرونی کھاتے پر مزید دباو¿ نہ ڈالا جائے،زری پالیسی کمیٹی نے مربوط اور محتاط زری اور مالیاتی پالیسیوں کی اہمیت اور درکار ساختی اصلاحات پر بھی زور دیا تاکہ پائیدار اقتصادی نمو کی طرف جاری پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے، بلند تعدد کے حالیہ اظہاریے نمو کی پائیدار رفتار کی نشاندہی کرتے ہیں، زراعت میں خریف کی اہم فصلوں کے تخمینے توقع سے بہتر رہے، نیز سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر بھی فصلوں کی بہتر صورتحال کی جانب اشارہ کرتی ہیں، مزید برآں خام مال کی بہتر دستیابی کےساتھ بعد از سیلاب پیداوار میں ممکنہ اضافہ آئندہ ربیع کی فصل کےلئے بہتر امکانات کی نشاندہی کرتا ہے، صنعت میں، بڑے پیمانے کی اشیاسازی میں جولائی تا اگست مالی سال 2026 کے دوران 4.4 فیصد اضافہ ہوا،اجناس کی پیداوار والے شعبوں میں مثبت پیش رفت سے توقع ہے شعبہ خدمات کی سرگرمیوں میں اضافے کو مدد ملے گی، رجحانات کی روشنی میں گزشتہ جائزے کے مقابلے میں نمو کا منظرنامہ بہتر ہوا ، اندازہ ہے حقیقی جی ڈی پی نمو پچھلے تخمینے کی حد 3.25 تا 4.25 فیصد کے بالائی نصف میں رہے گی،اعلامیے کے مطابق ستمبر 2025 میں جاری کھاتے میں 110ملین ڈالر کا سرپلس درج کیا گیا ، مالی سال 26ءکی پہلی سہ ماہی میں مجموعی خسارہ 594 ملین ڈالر تک محدود رہا، یہ کافی حد تک کمیٹی کی توقعات کے مطابق تھا، برآمدات میں معتدل اضافہ جاری رہا، درآمدات قدرے تیز رفتار سے بڑھیںجس کی وجہ سے تجارتی خسارہ بڑھ گیا، اس کے ساتھ کارکنوں کی ترسیلات زر مستحکم رہیں، خالص مالی رقوم کی آمد کے باعث 17اکتوبر تک اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، مجموعی طور پر مالی سال 2026 میں جاری کھاتے کا خسارہ پہلے کی تخمینہ شدہ حد جی ڈی پی کے صفر تا ایک فیصد تک رہنے کی توقع ہے، جاری کھاتے کے محدود خسارے اور منصوبہ بندی کے مطابق سرکاری رقوم کی آمد سے تخمینہ ہے دسمبر 2025 تک سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بہتری کے ساتھ 15.5 ارب ڈالر اور جون 2026تک تقریباً 17.8 ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ جائیں گے، مالی سال 2026کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکسوں کی وصولی میں 12.5 فیصد سال بسال کا قابل ذکر اضافہ ہوا، تاہم مجموعی طور پر 2.9 ٹریلین روپےکی وصولی ہدف کے مقابلے میں 198 ارب روپے کم رہی، اسی طرح، پہلی سہ ماہی کے دوران اسٹیٹ بینک کی جانب سے خاصے منافع کی منتقلی اور پیٹرولیم مصنوعات کے محصولات کی بلند سطح سے غیر ٹیکس محصولات میں اضافہ ہوگا،مذکورہ پیش رفت کی بنیاد پر مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں مجموعی مالیاتی اور بنیادی توازن دونوں کے سرپلس رہنے کا امکان ہے، آگے چل کر زری پالیسی کمیٹی کو توقع ہے کہ سیلاب کے بعد دوبارہ آباد کاری کے اخراجات کو بجٹ میں مختص مالیاتی وسائل کے ذریعے پورا کیا جائے گا، اس لیے ایم پی سی نے مجموعی اور بنیادی توازن کے اہداف اور طویل مدتی مالیاتی پائیداری کو حاصل کرنے کے لیے مالیاتی نظم و ضبط کا تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا،زری پالیسی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے بعد سے 10 اکتوبر 2025 تک زر وسیع ایم 2 کی نمو کم ہو کر 12.3 فیصد پر آ گئی جس کی وجہ بینکوں کے خالص ملکی اثاثوں میں گراوٹ تھی، بنیادی وجہ بینکوں کی جانب سے غیر بینک مالی اداروں کو دیے جانے والے قرضوں کے حجم میں نمایاں کمی ہے۔