لاہور (نعےم جاوےد) لاہور کی مقامی مارکیٹوں میں کاغذ کی قیمتوں میں حالیہ مہینوں کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس نے درسی کتب کی تیاری اور اشاعت کے اخراجات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ اضافے کی بنیادی وجوہات میں ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاو¿، درآمدی خام مال پر انحصار، اور بجلی و گیس کی بڑھتی لاگت شامل ہیں۔ بیشتر کاغذ مقامی طور پر تیار نہیں ہوتا بلکہ اس کی بڑی مقدار درآمد کی جاتی ہے جس سے عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ براہِ راست مقامی مارکیٹ پر اثر انداز ہوتا ہے۔ ایک درجہ اوّل کے کاغذ کی قیمت جو چند ماہ قبل 9 ہزار روپے فی رم تھی، اب 12 سے 13 ہزار روپے تک پہنچ چکی ہے۔دوسری جانب، پرنٹنگ پریس مالکان کا کہنا ہے کہ کاغذ کی قیمتوں میں اضافہ ہونے سے سکول، کالج اور یونیورسٹی کی کتابوں کے پرنٹنگ اخراجات میں 25 سے 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔ نتیجتاً درسی کتب مہنگی ہو گئی ہیں اور والدین کیلئے بچوں کی تعلیمی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ کچھ اشاعتی اداروں نے تو کتابوں کی اشاعت کم کر دی ہے یا محدود ایڈیشن جاری کر رہے ہیں تاکہ لاگت قابو میں رہے۔کتاب فروشوں کے مطابق بازار میں اب درسی کتابوں کی فروخت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ لوگ پرانی کتابوں کی خرید و فروخت یا فوٹو کاپی شدہ مواد کی طرف زیادہ مائل ہیں۔ کچھ والدین نے شکایت کی کہ حکومت نے کتابوں کی قیمتوں پر کوئی واضح پالیسی نہیں دی، جس سے منافع خور عناصر کو قیمتیں من مانی بڑھانے کا موقع مل رہا ہے۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے کاغذ اور اشاعتی صنعت کیلئے ریلیف پیکیج نہ دیا تو آنے والے سالوں میں تعلیم مزید مہنگی ہو سکتی ہے۔ ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ کاغذ کی درآمد پر ٹیکس میں کمی، مقامی پیداوار کے فروغ اور درسی کتب کی قیمتوں پر حکومتی نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیم عام شہریوں کی پہنچ میں رہے۔
کاغذ مزید مہنگا ہونے سے درسی کتب کی اشاعتی اخراجات میں اضافہ



















