مذہبی جماعت کااحتجاج،موٹر وے، جی ٹی روڈ، تعلیمی ادارے بند


اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)مذہبی جماعت کااحتجاج،جڑواں شہرکنٹینر سٹی میں تبدیل،موٹر وے، جی ٹی روڈ، تعلیمی ادارے،اورنج لائن،میٹروبس ، موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل، معمولات زندگی مفلوج،سکولوں میں جلد ی چھٹی،امتحانات ملتوی کردئیے گئے۔

مری روڈ، فیض آباد، موتی محل چوک، شمس آباد، ڈھوک کالا خان، آئی جے پی روڈ، پنڈورہ چونگی، کھنہ پل ، چک مدد سمیت درجنوں اہم شاہراہیں مکمل طور پر بند ،ہزاروں پولیس اہلکار تعینات رہے،راستے بند ہونے سے شہریوں، دفتری ملازمین اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دفاتر میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی، عدالتوں میں بھی معمول کی کارروائیاں متاثر ہوئیں ،کئی کیسز کی سماعت صرف حاضری لگا کر ملتوی کر دی گئی۔

ادھر لاہور میں تحریک لبیک پاکستان کے مارچ کا آغاز ہوتے ہی یتیم خانہ چوک میدان جنگ بن گیا،ملتان روڈ پر مذہبی جماعت کے کارکنوں ،پولیس کے درمیان تصادم ہوا، کارکنوں نے پتھراو¿ کیا ،پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کےلئے شیلنگ کی گئی،پنجاب یونیورسٹی کے زیراہتمام ہونے والے لا امتحانات ملتوی کیے گئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر میں 10روز کےلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ، عوامی مقامات، گلی، محلوں اور کھلے میدان میں 4 یا زیادہ افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہوگی، نماز، شادی، جنازہ، دفاتر اور عدالتوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔