ریکوڈک منصوبے کےلئے 6 بین الاقوامی مالیاتی اداروں کےساتھ فنانسنگ معاہدہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بلوچستان کے تاریخی ریکوڈک منصوبے کےلئے 6 بین الاقوامی مالیاتی اداروں کےساتھ ساڑھے 3 ارب ڈالرز کا فنانسنگ معاہدہ طے پا گیا۔

اداروں میں یو ایس ایگزم بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک، انٹرنیشنل فنانشل انسٹیٹیوشنز، انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن اور یورپین بینک شامل ہیں،ذرائع کے مطابق ادارے45 سے 90 دنوں میں شرائط پوری کرنے کے بعد فنانسنگ کا عمل شروع کریں گے، ڈونرز کو 4 سے 5سال کا گریس پیریڈ ،قرض کی واپسی 12 سال میں مکمل کرنا ہوگی،معاہدے کے تحت فنانسنگ پر شرح سود سنگل ڈیجٹ میں رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

حکام کے مطابق اگر شرائط پر عمل درآمد تیزی سے مکمل ہوا تو 2ماہ کے اندر پہلی قسط بھی جاری ہو سکتی ہے، فنانسنگ معاہدے میں بیرک گولڈ، حکومت بلوچستان، او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل بطور شراکت دار شامل ہیں،بیرک گولڈ کا 55 فیصد ایکویٹی مارجن، او جی ڈی سی ایل ، پی پی ایل کا 27.7 فیصد اور حکومت بلوچستان کا 16.6 فیصد ایکویٹی مارجن مقرر کیا گیا ،منصوبے کی مجموعی لاگت 7.7 ارب ڈالرکے لگ بھگ ہے ،پہلی پروڈکشن 2028 کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔

منصوبے کی بدولت ہمائی، مشکی چاہ، نوک چاہ اور دربان چاہ میں پینے کے پانی کی سہولت فراہم کر دی ،7پرائمری سکول معیاری تعلیم فراہم کر رہے ہیں، ریکوڈک کے تعمیراتی مرحلے میں ساڑھے 7ہزار افراد کو روزگار ملے گا ،پیداواری مرحلے میں ساڑھے 3ہزار مستقل ملازمین اور ٹھیکیدار خدمات انجام دیں گے۔