بلوچستان : جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ، قاضی اغوا، عمارت نذ ر آتش، درہ آدم خیل:پولیس اہلکار شہید، ایف سی حوالدار زخمی

کوئٹہ، کوہاٹ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردوں کا جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ، قاضی اغوا، عمارت کو آگ لگا دی،درہ آدم خیل میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکار شہید جبکہ ایف سی حوالدار زخمی ہوگیا، خاران میں دہشت گردوں نے جوڈیشل کمپلیکس پرحملہ کر کے عمارت کو آگ لگا دی، دہشت گردوں نے کارروائیکے د وران ڈیوٹی پرموجود قاضی جان محمد کو اغوا کر لیا اورفرار ہو گئے،سکیورٹی فورسز اورپولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا،ریسکیو اہلکاروں نے کئی گھنٹوں بعد آگ پر قابو پا لیا ، آتشزدگی کے باعث کمپلیکس میں موجود عدالتی ریکارڈ خاکستر ہو گیا،پولیس کے مطابق قاضی جان محمد کی تلاش کےلئے تمام راستوں پر ناکہ بندی کر دی،علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے،اعلیٰ حکام نے حملے کی نوعیت اور محرکات جاننے کےلئے رپورٹ طلب کر لی ،دوسری جانب کوہاٹ کے ٹرائبل سب ڈویژن درہ آدم خیل میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اہلکار شہید جبکہ ایف سی حوالدار زخمی ہوگیا،دہشت گردوں نے فجر سے قبل اندھیرے میں تور چھپری پوسٹ پر اچانک حملہ کیا،حملے میں پولیس کانسٹیبل حضرت عمر شہید ہوگئے جبکہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کا حوالدار بہادر خان زخمی ہوگئے، شہید کانسٹیبل کو سپردخاک کر دیا گیا۔