2600 ارب کے قرضے قبل از وقت واپس ،سود میں 850 ارب کی بچت


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت نے 2600 ارب کے قرضے قبل از وقت واپس اور سود میں 850 ارب بچت کا دعویٰ کردیا۔

وفاقی حکومت نے کہا ڈیبٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح 74 سے کم ہوکر70 فیصد ہوگئی ،ملکی تاریخ میں پہلی بار 2600 ارب کے قرضے قبل از وقت واپس کیے گئے،قرضوں کے خطرات کم،سینکڑوں ارب سود کی بچت ہوئی ،محض اعداد و شمار پر قرضوں کی صورتحال کا اندازہ لگانا درست نہیں۔

وزارت خزانہ نے کہا پاکستان کی قرض صورتحال پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ پائیدار ہے، حکومت کا قرض و معیشت کے متوازن تناسب پر توجہ دینا، قبل از وقت قرضوں کی ادائیگیاں، سود لاگت میں کمی ، بیرونی کھاتوں کا استحکام، ملکی معیشت کو سنبھالا دینے، خطرات کم کرنے اور ذمہ دارانہ مالی نظم و ضبط کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیاجی ڈی پی تناسب سے قرض، ری فنانسنگ، رول اوور خطرات میں کمی اور سود ادائیگیوں میں بچت قرض حکمت عملی کے کلیدی اجزا ہیں، حکومت نے قرضوں کے خطرات کم کیے ،اربوں روپے سود کی ادائیگیوں سے بچائے ،مسلسل دوسرے سال 1.8 ٹریلین روپے کا تاریخی پرائمری سرپلس بھی حاصل کیا گیا،مجموعی قرضوں میں سالانہ 13 فیصد اضافہ ہوا جو پچھلے 5 سال کے اوسط 17 فیصد سے کم ہے۔