کراچی (بیورو رپورٹ) سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کی سربراہی میں سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کا اجلاس ہوا جس میں نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کر دیا گیا،مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق زری پالیسی کمیٹی نے اجلاس میں پالیسی کی شرح 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا، جون 2025 میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر سال بہ سال 3.2 فیصد تک آگئی جس کی وجہ بنیادی غذائی قیمتوں میں کمی ہے قوزی مہنگائی میں بھی کچھ کمی آئی،اعلامیے کے مطابق توانائی کی قیمتوںخاص طور پر گیس کے نرخوں میں توقع سے زیادہ ردو بدل سے مہنگائی کے منظر نامے میں کچھ بگاڑ آیا ،توقع ہے مستقبل میں مہنگائی ہدف کی حد میں آکر مستحکم ہو جائے گی،مزید برآں معاشی سرگرمیوں میں مزید تیزی آرہی ہے جبکہ پالیسی ریٹ میں سابقہ کمی کے اثرات اب بھی سامنے آرہے ہیں، اعلامیے کے مطابق زری پالیسی کمیٹی نے توقع ظاہر کی مالی سال 2026 میں تجارتی خسارہ مزید بڑھے گا جس کی وجہ معاشی سرگرمی میں اضافہ اور عالمی تجارت میں سست روی ہے، میکرو اکنامک منظر نامے اور ابھرتے ہوئے خطرات کے پیش نظر زری پالیسی کمیٹی نے فیصلے کو قیمتوں کا استحکام یقینی بنانے کےلئے ضروری سمجھا،سٹیٹ بینک کے مطابق کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے بعد سے اب تک پیش رفت میں سب سے پہلے مرکزی بینک کے زر مبادلہ ذخائر مالی رقوم کی بہتر آمد اور کرنٹ اکاونٹ سر پلس ہونے کی بدولت 14 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے،دوسرا پاکستان کی ریاستی کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری یورو بانڈ کی یافت میں کمی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سی ڈی ایس سپریڈ میں کمی کا سبب بنی،تیسرا حالیہ سروے میں صارفین نے مہنگائی بڑھنے کی توقعات میں معمولی سا اضافہ ظاہر کیا جبکہ کاروباری اداروں نے مہنگائی میں کمی کی توقع ظاہر کی،چو تھا مالی سال 2025 میں ایف بی آر کے ٹیکس محاصل 11.7 ٹریلین روپے رہے جو کہ نظر ثانی شدہ تخمینے سے تقریباً 200 ارب روپے کم ہیں، آخر میں ، تیل کی عالمی قیمتیں متغیر رہیں، جبکہ دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ اسی دوران، عالمی تجارت کے ٹیرف کے اثرات غیر یقینی رہے، جس کی وجہ سے مرکزی بینکوں نے محتاط زری پالیسی موقف بر قرار رکھا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس پیش رفت اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر کمیٹی نے تجزیہ کیا کہ مہنگائی کو 5 تا 7 فیصد کے ہدف کے اندر مستحکم کرنے کے لیے حقیقی پالیسی ریٹ کو مناسب طور پر مثبت رہنا چاہیے۔ کمیٹی نے معاشی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے محتاط زری اور مالیاتی پالیسی کا امتزاج جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
شرح سود 11 فیصد پر برقرار،مہنگائی میں کمی، تجارتی خسارہ بڑھے گا، سٹیٹ بینک کی نئی مانیٹری پالیسی



















