امریکہ سے جلد مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی: وزیر خزانہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکہ سے جلد مختلف شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کی خوشخبری آئے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا امریکہ میں تجارتی مذاکرات کے دوران اہم ملاقاتوں میں کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان کے ساتھ ٹریڈ ڈیل کو امریکی انتظامیہ نے سراہا ہے۔ امریکہ کے دورہ سے واپسی پر وزیرخزانہ نے بتایا کہ درست سمت میں بڑ ھ رہے ہیں جس کے جلد مثبت نتائج ملیں گے، امریکہ سے باہمی مذاکرات کی کامیابی ملک کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا ایسے فیصلے کرنا ہوں گے جن سے معیشت میں بہتری آئے، امریکا سے مذاکرات باہمی بنیادوں پر کامیاب ہونے پر خوش ہیں۔