لاہور (مشرق نیوز) دورہ بنگلہ دیش کیلئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان برقرار رکھا گیا ہے، ان کے ساتھ نائب کپتان نہیں رکھا گیا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 20 سے 24 جولائی تک ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
سکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے جبکہ محمد حارث اور صاحبزادہ فرحان کو وکٹ کیپرز کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم 16 جولائی کو بنگلہ دیش پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے مابین ٹی 20 سیریز کا آغاز 20 جولائی سے ہوگا۔شیڈول کے مطابق پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 20 جولائی کو ڈھاکہ میں کھیلا جائیگا، دوسرا میچ 22 جولائی جبکہ تیسرا میچ 24 جولائی کو شیڈول ہے۔
دورہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کیلئے پاکستان کرکٹ سکواڈ کا تربیتی کیمپ بدھ سے شروع ہوگا، نیشنل بینک سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے کیمپ کیلئے ممکنہ کھلاڑی آج رپورٹ کریں گے۔ تربیتی کیمپ 15 جولائی تک جاری رہیگا، پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے روز 16جولائی کو ڈھاکہ پہنچے گی، دورہ بنگلہ دیش کے بعد پاکستان ٹیم امریکہ کیلئے روانہ ہوگی۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز فلوریڈا میں یکم تا 4 اگست کھیلی جائیگی، بعدازاں دونوں ممالک کے درمیان ون ڈے سیریز 8 سے 12 اگست تک ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں منعقد ہوگی۔
ٹیم مندرجہ ذیل کھلاڑی شامل ہیں۔ سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم۔
بنگلہ دیش کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان



















