تونسہ شریف ، بہاولپور،لکی مروت:(بیورورپورٹ)تونسہ شریف ، بہاولپور میں آپریشن،فتنہ الہندوستان کے 6دہشتگرد ہلاک،لکی مروت میں3امن دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
سی ٹی ڈی کی تونسہ شریف کے سرحدی گاوں میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گردمارے گئے، 5 زخمی دہشت گرد جنگل کی طرف فرار ہوگئے، آپریشن خفیہ اطلاع پر کیاگیا،4 دہشتگردوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں، ایک لاش دہشتگرد ساتھ لے گئے،کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، رائفلز، 3 آئی ای ڈیز، دستی بم اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
ادھر بہاولپور میں بھی سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک اور خطرناک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3دہشت گرد فرار ہوگئے، کارروائی کے دوران ہینڈ گرینیڈز اور گولیاں برآمد کی گئیں۔
مزبد برآں محکمہ انسداد دہشت گردی بنوں نے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک کر دئیے،کارروائی گاوں حرامہ تالہ کے قریب بھٹنی نہر کچی سڑک پر کی گئی، دہشت گردوں سے مقابلہ 25 منٹ تک جاری رہا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں وسیم ، قدرت اورہجرت شامل ہیں۔
تینوں دہشتگرد بم دھماکوں، پولیس پرحملوں اور دیگر جرائم میں مطلوب تھے، قبضے سے 4 دستی بم، کلاشنکوف، کارتوس اور 2 موبائل فون برآمد ہوئے،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر فخر ہے، دہشت گردوں کا پیچھا جاری رکھا جائے گا۔
تونسہ ، بہاولپور،فتنہ الہندوستان کے6دہشتگرد ہلاک،لکی مروت میں3جہنم واصل



















