صنعتی، تھوک صارفین و پاور پلانٹس کیلئے گیس اوسطاً 10فیصد مہنگی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)صنعتی، تھوک صارفین و پاور پلانٹس کیلئے گیس اوسطاً 10فیصد مہنگی،وزیرخزانہ اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قیمتوں کے نئے فریم ورک کی منظوری دیدی ۔

اوگرا نوٹیفکیشن کے 40 روز بعد وفاقی حکومت نرخوں کا اعلان کرے گی ، نیا پرائس فریم ورک آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے،اجلاس میں گھریلو صارفین کےلئے گیس قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، صرف فکسڈ چارجز میں معمولی ردوبدل کیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز 400سے بڑھا کر 450،نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز 1000 سے بڑھا کر 1400 کردئیے گئے،زیادہ (1.5 کیوبک میٹر سے زائد) گیس استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز 2000 سے بڑھ کر 2400 روپے ماہانہ پر جاپہنچے۔

ای سی سی نے چینی درآمد کرنے کی منظوری بھی دےدی اوروفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ کی سربراہی میں10 رکنی سٹیئرنگ کمیٹی قائم کردی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چھوٹے کسانوں و کم ترقی یافتہ علاقوں کےلئے رسک کور سکیم شروع کرنے کی تجویز منظور کر لی ، اعلامیے کے مطابق سکیم کا باضابطہ آغاز 14 اگست کو متوقع ہے۔