لاہور، قصور، گوجرہ، شیخوپورہ( کرائم رپورٹر+ نمائندگان)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ لاہور ، قصور ، گوجرہ اور شیخوپورہ میں مبینہ مقابلوں کے دوران 6خطرناک ملزمان ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہونے میںکامیاب رہے جن کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ۔ ترجمان کے مطابق سی سی ڈی سٹی شاہدرہ کی ٹیم نے شاہدرہ ٹاﺅن کے علاقہ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی ۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پراندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر لاہور کے مشہور لیڈیز گروپ ڈکیت گینگ کا سرغنہ ،ڈکیتی،ہاﺅس راہبری ،بنک رابری دوران واردات معصوم شہریوں کو زخمی کرنے،جیسی سنگین جرائم کی سینکڑوں وارداتوں میں مطلوب اور لاہور شہر میں خوف کی علامت سمجھا جانے والا انتہائی خطرناک ملزم اشتہاری یاسر عرف شہنشاہ زخمی ہو گیا جس کو ہسپتال لے جارہے تھے کہ راستے میں ہلاک ہو گیا ۔ہلاک ہونے والا ملزم لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سنگین جرائم کی ان گنت وارداتوں میں سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا۔دوسری جانب سی سی ڈی قصور کی بڑی کارروائی میں چند روز قبل شاپ ڈکیتی کے دوران ایک معصوم شہری اور دوکان مالک کو ناحق قتل جبکہ 2 شہریوں کو شدید زخمی کرنے والے دونوں خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے ۔ ڈاکوﺅں کی شناخت نقاش بٹ سکنہ لاہور اور عثمان عرف اسامہ سکنہ شکر گڑھ کے ناموں سے ہوئی ۔ علاوہ ازیں گوجرہ میں سی سی ڈی پولیس کا علاقے میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے شاہ گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے ۔ سی سی ڈی نے اشتہاریوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر گوجرہ کے نواحی علاقے میں چھاپہ مارا۔اشتہاریوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جو تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی۔فائرنگ رکنے پر سی سی ڈی کو سرچ آپریشن میں دو ملزمان زخمی حالت میں ملے، ملزمان کے دیگر ساتھی فائرنگ کے دوران موقع سے فرار ہو چکے تھے ۔ زخمی ملزمان ہسپتال منتقلی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ دونوں ہلاک اشتہاریوں محمد وقاص اور انعام الحق عرف فوجی کا تعلق دہشت کی علامت شاہ گینگ سے تھا، ملزمان قتل، ڈاکے، راہزنی ، بھتہ سمیت درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب اشتہاری تھے، شاہ گینگ کے 4سرغنہ گزشتہ دنوں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ مزید برآں شیخوپورہ میں سرگودھا روڈ پر پولیس اور ڈاکوو¿ں میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک اور اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے، ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی جب کہ فرار ہونے والے تین ڈاکوو¿ں کی تلاش جاری ہے۔
پنجاب، سی سی ڈی کے ایک ہی روز میں 4 مقابلے، 6 ڈاکو ہلاک



















