لاہور (کامرس رپورٹر) چیئرپرسن آئی پی او پاکستان، سفیر (ر) فرخ امل نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ایل سی سی آئی ابوذر شاد اور ایل سی سی آئی کی سینئر قیادت علی حسام اصغر، چیئرمین پی بی جی اور سینئر نائب صدر ایل سی سی آئی چوہدری نذیر شاہ سے ملاقات کی۔صدر لاہور چیمبر اور ان کی ٹیم نے آئی پی او کی جانب سے چیئرپرسن اور سینئر افسران کا خیر مقدم کیا۔ ابوذر شاد نے کاروباری اداروں کیلئے انٹلیکچوئل پراپرٹی کی اہمیت بیان کی اور آئی پی او پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے خود چیئرپرسن کی قیادت میں ایک بھرپور آگاہی مہم کے ذریعے آئی پی او پاکستان کو قومی نقشے پر لانے میں چیئرپرسن آئی پی او کے آنے والے کردار کو سراہا۔ پی بی جی کے چیئرمین اور چاول کے ایک سرکردہ برآمد کنندہ علی حسام اصغر نے برآمدات بالخصوص چاول میں آئی پی کے کردار کو تسلیم کیا اور تاجر برادری کے مسائل اور آئی پی او پاکستان کے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے طور پر ان کی اہمیت کو سمجھنے میں چیئرپرسن آئی پی او کے کردار کو سراہا۔ چیئرپرسن آئی پی او نے قومی معیشت اور تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ میں ایل سی سی آئی کے گراں قدر تعاون کا اعتراف کیا۔ انہوں نے موجودہ کاروباری ایکو سسٹم میں ایگری ٹیک کی اہمیت اور متعلقہ کاروباری اداروں اور تجارتی اداروں کو برآمد کرنے سے پہلے اپنے آئی پیز خاص طور پر جغرافیائی اشارے (GI) کو رجسٹر کرنے کی ضرورت پر مزید روشنی ڈالی۔ چیئرپرسن نے کہا کہ آئی پیز خصوصاً جی آئی کو رجسٹر کرنے سے کسی پروڈکٹ کی قیمت میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوتا ہے۔ صدر ایل سی سی آئی نے زرعی برآمد کنندگان کے ساتھ آئی پی رائٹس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے خصوصی سیمینار منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ چیئرپرسن آئی پی او نے پاکستان کو صارف ملک سے اختراعی تخلیق کرنے والی قوم میں تبدیل کرنے کیلئے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس (آئی پی آر) کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ WIPO کے جینیاتی وسائل اور اس سے وابستہ روایتی علم کے بین الاقوامی معاہدے کے حوالے سے انہوں نے پاکستان میں ریسرچ اینڈ پروڈکٹ ڈویلپمنٹ کیلئے اسکے فوائد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان مقامی وسائل کی مناسب نقشہ سازی کے ذریعے پاکستان کے جینیاتی وسائل اور روایتی علم کی حفاظت کی ضرورت ہے۔ایل سی سی آئی کی قیادت نے آئی پی آر کی اہمیت اور آئی پی او پاکستان کے متحرک کردار کا اعادہ کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ایل سی سی آئی اور آئی پی او پاکستان دونوں کے زیر اہتمام تمام سرکاری اور نجی شعبے کے سٹیک ہولڈرز کیلئے باقاعدہ آگاہی سیشن کا پروگرام شروع کیا جائے۔ آئی پی او اسلام آباد سے محمد اسماعیل اور غلام مجتبیٰ جبکہ آئی پی او لاہور آفس سے معید امان رانا، شاکرہ خورشید اور انجم رضا بخاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔
آئی پی رائٹس بارے شعور کیلئے سیمینار منعقد کئے جائیں :صدر لاہور چیمبر



















