محکمہ داخلہ پنجاب میں میرٹ کی بالادستی،اٹک جیل میں قیدی پر تشدد میں ملوث 5افسر معطل


لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق محکمہ داخلہ میں میرٹ کی بالادستی قائم، جیل قوانین کی خلاف ورزی اور اختیار سے تجاوز پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے،سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں قیدی پر تشدد میں ملوث 5 افسروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردئیے، پانچوں افسروں کو اختیار سے تجاوز، بدانتظامی اور نااہلی پر معطل کیا گیا۔

معطل ہونےوالوں میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ جیل اٹک سرمد حسن، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ مشتاق احمد، چیف وارڈررفیق، ہیڈ وارڈر ذوالفقار اور وارڈر ایوب شامل ہیں، معطل کیے گئے افسر و عملہ قیدی پر تشدد میں ملوث پائے گئے ،تادیبی کارروائی شروع کی گئی ، سیکرٹری داخلہ پنجاب کی ہدایت پر محکمے نے معطلی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پیڈا کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا، یاد رہے کمزور سپروژن پر سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عارف شہزاد کو پہلے ہی عہدے سے ہٹایا جاچکا ۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عارف شہزاد کو ڈائریکٹوریٹ آف پریزن پنجاب رپورٹ کرنے ،اشتیاق احمد گل کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک تعینات کردیا گیا، ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے تمام جیلوں میں انتظام و انصرام کیلئے قواعد و ضوابط جاری کر رکھے ہیں، جیل قوانین کے مطابق کسی بھی قیدی پر تشدد کی ہرگز اجازت نہیں ، محکمہ داخلہ پنجاب اختیار سے تجاوز اور قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے، پانچوں معطل شدہ افسروں کو پیڈا کے تحت کارروائی کیلئے انسپکٹریٹ آف پریزن پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔