الیکشن میں حصہ نہ لینے والی جماعت مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں،آئینی بنچ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے کہا الیکشن میں حصہ نہ لینے والی جماعت مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں،الیکشن کمیشن نے 41 میں سے 39 اراکین کی حد تک غلطی کی،جنوری کے فیصلے سے یہ تاثر درست نہیں امیدواروں کو آزاد کیا گیا۔

مخصوص نشستیں کیس کی سماعت جسٹس امین الدین کی سربراہی میں 11رکنی آئینی بنچ نے کی،سماعت کے دوران سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دئیے،،فیصل صدیقی نے جسٹس امین الدین کو حج کی مبارکباد دی، جسٹس ہاشم کاکڑ کی آبزرویشن کے بعد فیصل صدیقی نے بتایا عدالت کے 100 صفحات پر مشتمل فیصلے کی 13 صفحات پر سمری تیار کی گئی ۔

جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا”اگر آپ نے میرے کمنٹ دل پر لیے تو میں اپنی بات واپس لیتا ہوں“ فیصل صدیقی نے جواباً کہا ”میری بیوی نے بھی سن لیا تھا، اس نے ڈانٹا کہ کیا کررہے ہیں“ جسٹس جمال مندوخیل نے تبصرہ کیا ”تو پھر آپ نے جسٹس کاکڑ کی بات تو نہ مانی“، جسٹس امین الدین نے کہا ریلیف سنی اتحاد کی جگہ پی ٹی آئی کو دیا گیا تھا، فیصل صدیقی سے پوچھا کیا وہ بطور وکیل سنی اتحاد کونسل، عدالت کے فیصلے سے متفق ہیں؟ فیصل صدیقی نے کہا جی، میں فیصلے سے متفق ہوں، جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کیا مخصوص نشستیں خالی چھوڑی جا سکتی تھیں۔

فیصل صدیقی نے کہا وہ پہلے اکثریتی فیصلہ پڑھنا چاہتے ہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے نشاندہی کی فیصلہ 13 جنوری کو آیا جبکہ کاغذات نامزدگی دسمبر میں جمع ہوئے تھے، تب بھی کچھ امیدواروں نے آزاد حیثیت اختیار کی، جسٹس علی مظہر نے کہا بنچ کا سوال یہ ہے انتخابی نشان لے کر بھی پی ٹی آئی جماعت تو موجود تھی، فیصل صدیقی نے جواب دیا الیکشن کمیشن نے 22 دسمبر 2023 کو پی ٹی آئی سے انتخابی نشان واپس لے لیا تھا،جسٹس امین الدین نے کہا آپ کا تنازع تو یہ ہے آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل کو جوائن کر لیا، فیصل صدیقی نے جواب دیا سنی اتحاد کونسل کا حق دعویٰ مسئلہ نہیں ، وہ نہ سنی اتحاد کونسل ہیں نہ پی ٹی آئی بلکہ وہ سپریم کورٹ کے اکثریتی فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں۔

جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا جو ناانصافی سپریم کورٹ نے پہلے کی، مداوا مخصوص نشستوں کے فیصلے نے کیا، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا الیکشن ایکٹ کے رول 94 کو کالعدم قرار دیا گیا ریٹرننگ افسر آزاد امیدوار ڈکلیئر نہیں کرسکتا، تو جب ریٹرننگ افسر کو اختیار نہیں تو سپریم کورٹ کو کیسے حاصل ہے وہ آزاد امیدواروں کو پی ٹی آئی کا قرار دے؟ فیصل صدیقی نے جواب دیا اس کا جواب جسٹس امین الدین اور جسٹس جمال مندوخیل کے فیصلے میں موجود ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا اکثریتی فیصلے میں 41 اراکین کو کسی پارٹی کا امیدوار ڈکلیئر نہیں کیا گیا، مطلب یہ ہے الیکشن کمیشن نے 41 میں سے صرف 39 کی حد تک غلطی کی۔

فیصل صدیقی نے کہا اکثریت نے تسلیم کیا 39 امیدواروںکی حد تک بھی غلطی ہوئی ہے، جسٹس امین الدین نے کہا ایک امیدوار چار چار کاغذات نامزدگی بھی داخل کر سکتا ہے، یہ ایشو عدالت کے سامنے نہیں تھا،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا تمام ججز نے فیصلہ دیا سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں نہیں ملتیں اور تمام ججز نے سوال اٹھایا کیا سنی اتحاد کونسل نشستوں کی حقدار ہے یا نہیں،جو پارٹی الیکشن میں حصہ نہ لے اور کوئی سیٹ نہ جیتے وہ مخصوص نشستوں کی حقدار نہیں، کسی رکن پر کسی پارٹی کو جوائن کرنے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی،جسٹس علی مظہر نے کہا مقدمے کا فیصلہ اپنے حالات و واقعات پر ہوتا ہے، آئینی بنچ نے مزید سماعت ملتوی کردی۔