گیس سیکٹر ، 3000 ارب گردشی قرضہ ختم کرنے کا منصوبہ آئی ایم ایف کے سپرد

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) حکومت نے گیس کے شعبے کا 3000 ارب کے قریب گردشی قرضہ ختم کرنے کا منصوبہ آئی ایم ایف کے سپرد کردیا،ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان نے گیس سیکٹر کے بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو ختم کرنے کےلئے جامع منصوبہ آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا، پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے تیار کردہ پلان میں مختلف تجاویز شامل کی گئی ہیں تاکہ گیس کے شعبے کو مالیاتی استحکام فراہم کیا جا سکے، گیس کے شعبے میں گردشی قرضہ خطرناک حد تک بڑھ کر 3000 ارب روپے کے قریب پہنچ چکا ہے جس پر قابو پانا اب ناگزیر ہو گیا، پاکستانی حکام نے آئی ایم ایف وفد کو تفصیل سے اعتماد میں لیا ہے اور گردشی قرضے کی مکمل صورتحال، وجوہات اور حل کے ممکنہ راستے پیش کیے ،قرضہ کم کرنے کےلئے ریاستی اداروں کے منافع کے استعمال کی تجویز بھی زیر غور ہے، مقصد کےلئے گیس کمپنیوں کی گزشتہ 5 سال کی کارکردگی، منافع و نقصان کے گوشوارے، بیلنس شیٹس اور دیگر مالیاتی اعداد و شمار پر مبنی مکمل ڈیٹا آئی ایم ایف کو فراہم کیا گیا ہے،آئی ایم ایف وفد کےساتھ دستاویزات پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں گیس کمپنیوں کے مالیاتی ڈھانچے، حکومتی سبسڈی اور صارفین پر اثرات جیسے نکات زیر بحث آئے،حکومتی ذرائع نے کہا آئندہ 5 برسوں میں گیس سیکٹر کا گردشی قرضہ مکمل طور پر ختم کر نے کےلئے مسلسل اصلاحات اور سخت مالی نظم و ضبط درکار ہوگا،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے منصوبے کی تاحال مکمل منظوری نہیں دی گئی تاہم وزارت خزانہ اور متعلقہ حکام آئی ایم ایف وفد کو قائل کرنے کےلئے مسلسل کوششوں میں مصروف ہیں، بجٹ سازی کے اہم مرحلے پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات مرحلہ وار جاری ہیں، نتائج آئندہ بجٹ کی سمت کا تعین کریں گے۔