لاہور (کرائم رپورٹر) قومی احتساب بیورو لاہور کی جانب سے اہم پیشرفت کے طور پر ایک نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے 1446 متاثرین کی ایک ارب 34 کروڑ کی ریکوری مکمل کرتے ہوئے فوری طور پر متاثرین میں رقوم کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل احترام ڈار نے متاثرین کی سہولت کے پیش نظر چیک وصولی کیلئے سٹامپ پیپر ہمراہ لانے کی شرط ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے تمام متاثرین میں عیدالاضحٰی سے قبل چیک تقسیم کا عمل مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نیب لاہور بیورو کو بروز ہفتہ اور اتوار کھلا رکھنے اور متاثرین کو سروس فراہمی کا سلسلہ جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ متاثرین کو کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ڈی جی نیب لاہور نے مزید آگاہ کیا کہ چیئرمین نیب کی واضح ہدایات ہیں کہ عام عوام کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جائے تاہم ماضی میں بھی نیب لاہور انتہائی قلیل مدت میں ہزاروں متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی نیب احترام ڈار نے کہا کہ ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کے متاثرین کے نقصانات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ تاہم ڈی جی نیب لاہور کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ نجی ہاﺅسنگ سکینڈل کے تمام متاثرین اپنے کلیم کی بابت اصل دستاویزات اپنے ہمراہ ضرور لائیں۔
ہاﺅسنگ سوسائٹیز متاثرین کے نقصانات کا ازالہ پہلی ترجیح ہے:ڈی جی نیب



















