لاہور:(قمر عباس)روزنامہ مشرق کیخبر پر ایکشن، ایکسین گلبرگ نے قبضہ مافیا کےخلاف کارروائی کرتے ہوئے جیل روڈ ٹیوب ویل چیمبر میں قائم غیر قانونی ”پنجاب دھابہ“ مسمار کر دیا ،ذمہ داروںکےخلاف محکمانہ انکوائری کرنے پر غورشروع کردیا گیا۔
واسا لاہور میں شعبہ سٹیٹ اور گلبرگ ذون ڈائریکٹر کی مجرمانہ غفلت کے باعث مرکزی جیل روڈ پر عرصہ دراز سے ٹیوب ویل بند ہونے کے بعد چیمبر پر مافیا کی جانب سے کاروباری سرگرمیاں جاری تھیں جس پر روزنامہ مشرق کے رپورٹر کی جانب سے نشاندہی کرتے ہوئے مکمل ثبوتوں کےساتھ خبر شائع کی گئی جس میں قبضہ مافیا کی جانب سے دھڑلے سے غیر قانونی اقدامات کئے جا رہے تھے ،ٹیوب ویل چیمبر پر ”پنجاب دھابہ“ کے نام سے کیفے چل رہی تھا ، واسا کی جانب سے پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔
مشرق کی نشاندہی پر گلبرگ زون کے ایکسین کاشف رسول نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نہ صرف قبضہ واگزار کرایا گیا بلکہ ”پنجاب دھابہ“ کو مکمل طور پر مسمار کر دیا، روزنامہ مشرق کی جانب سے صحافتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کرتے ہوئے سرکاری املاک پر سرکاری افسران وملازمین سے پرائیویٹ افراد کی ملی بھگت کی نشاندہی کی جارہی ہے ،شعبہ سٹیٹ کی جانب سے تاحال خاموشی دیکھنے میں آرہی ہے ۔
”مشرق“ کی خبر پر ایکشن، ٹیوب ویل چیمبر میں قائم غیر قانونی” پنجاب دھابہ“ مسمار



















