گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) دیرینہ دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کردیا گیا۔گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں دیرینہ عداوت نے خونیں رخ اختیار کر لیا، جہاں ملزم عمران شیرو نے معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ عثمان ورک، 28 سالہ وقاص، 40 سالہ عمران عاشق، 18 سالہ عمر اور افضل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے جو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق مرنے والوں میں عثمان ورک کا گن مین اور قریبی دوست بھی شامل ہیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس پی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔دوسری جانب تتلے عالی 5افراد کے قتل کا مرکزی ملزم پولیس سے مقابلہ میں ہلاک ہوگیا جبکہ ایس ایچ او زخمی،بتایا گیا ہے کہ ایس ایچ او تتلے عالی نے قتل کے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا تھا کہ گورنمنٹ ہائی سکول تتلے عالی کے سامنے ملزم کا پولیس سے آمنا سامنا ہوا، ملزم نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، جس سے ایس ایچ او تتلے عالی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، پولیس نے بھی حفاظت خود اختیاری جوابی فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلہ میں 5افراد کے قتل کا مرکزی ملزم عمران عرف شیرو ہلاک ہو گیا، ایس ایچ او تتلے عالی کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ترجما ن پولیس کے مطابق ہلاک ملزم شیرو آئس کے نشے کا عادی ہے، ملزم کی مقتولین کےساتھ کسی قسم کی کوئی رنجش یا دشمنی نہ تھی۔ سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
گوجرانوالہ، دیرینہ دشمنی پر اندھا دھند فائرنگ ، 5 افراد قتل، علاقہ میں خوف و ہراس



















