اسلام آباد (مشرق نیوز) رواں مالی سال کی پہلی تین سہ ماہیوں (جولائی تا مارچ) کے اختتام پر بجلی کے شعبے کا گردشی قرضہ 2 ہزار 396 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو یکم جولائی کے بعد سے 2 ارب روپے کے معمولی اضافے کو ظاہر کرتا ہے، لیکن مارچ 2024 کے مقابلے میں تقریباً 398 ارب روپے کم ہے۔
میڈیا میں شائع خبر کے مطابق مارچ 2025 کو ختم ہونے والی مدت کیلئے گردشی قرضوں کے بارے میں پاور ڈویژن کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں کو واجب الادا رقم تقریباً 33 ارب روپے بڑھ کر ایک ہزار 633 ارب روپے ہوگئی جو یکم جولائی 2024 کو ایک ہزار 600 ارب روپے تھی۔
دوسری جانب پبلک سیکٹر جنریشن کمپنیوں (جینکوز) کی جانب سے ایندھن فراہم کرنے والوں کو دیے جانے والے واجبات مارچ کے اختتام تک کم ہو کر 79 ارب روپے رہ گئے جو مالی سال کے آغاز میں 110 ارب روپے تھے، پاور ڈویڑن کے شیل ادارے پاور ہولڈنگ لمیٹڈ (پی ایچ ایل) میں گردشی قرضوں کا اسٹاک 683 ارب روپے پر برقرار رہا۔
وفاقی حکومت نے مارچ 2025 تک کے الیکٹرک سے 223 ارب روپے سے زائد کی وصولیوں کا دعویٰ کیا ہے جس میں 36.5 ارب روپے کی بنیادی ذمہ داری پر 186.5 ارب روپے کا سود بھی شامل ہے۔
توانائی کے شعبے کا گردشی قرضہ 2 ہزار 400 ارب روپے تک پہنچ گیا



















