اسلام آباد، واشنگٹن (بیورو رپورٹ) وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے مہنگائی میں اضافے کی رفتار میں تاریخی کمی جو اب 0.7 فیصد کی سطح پر ہے اور 60 برس میں سب سے کم ہے، زرمبادلہ کے ذخائر دوگنا ہو گئے،ان خیالات کا اظہار وزیر خزانہ نے ہارورڈ یونیورسٹی میں منعقدہ ”پاکستان کانفرنس 2025“سے کلیدی خطاب میں کیا،اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے ”فاصلوں میں کمی اور مستقبل کی تعمیر: پاکستان میں شمولیتی ترقی اور حکمرانی کا راستہ“ کے موضوع پر روشنی ڈالی اور پاکستانی معیشت میں بہتری کے سفر کو اجاگر کیا،سینیٹر اورنگزیب نے کہا پاکستان ایک اہم موڑ پر ہے، جہاں معیشت بحالی اور تبدیلی کی راہ پر گامزن ہو چکی ، موجودہ حکومت نے ایک مشکلات سے دوچار معیشت کو سنبھالا، بنیادی ڈھانچے کو مستحکم کیا، اعتماد بحال کیا اور ترقی کا عمل دوبارہ شروع کیا،استحکام کوئی منزل نہیں ترقی کا ذریعہ ہے، وفاقی وزیر نے حکومتی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط، مہنگائی پر قابو پانے، توانائی، ٹیکس، حکمرانی اور سرکاری اداروں کی اصلاحات کا خاکہ پیش کیا،وزیر خزانہ نے پاکستان میں ترقی کے بڑے مواقع جیسے معدنی وسائل، آئی ٹی شعبے کی توسیع، گرین انرجی منصوبے اور نوجوان آبادی کے کاروباری جذبے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا انسانی ترقی کو مسلسل اور جامع ترقی کےلئے بنیاد بنانا ہوگا، پاکستان نے قرض کا جی ڈی پی سے تناسب 75 فیصد سے کم کر کے 67.2 فیصد کر دیا ، درمیانی مدت میں اسے 60 فیصد سے بھی نیچے لانے کا ہدف ہے،ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر گفتگو کرتے ہوئے اورنگزیب نے بنیادی ڈھانچے اور زراعت میں ماحولیاتی مزاحمت شامل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور آئی ایم ایف کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (RSF) اور ورلڈ بینک کے کنٹری پارٹنرشپ پروگرام (CPF) کو اہم سنگ میل قرار دیا،وزیر خزانہ نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، شراکت داروں اور بہترین دماغوں کو پاکستان کی ترقی، مواقع اور ناقابل واپسی تبدیلی کے سفر میں شامل ہونے کی دعوت دی،وفاقی وزیر نے کہا عالمی بینک سے بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے کو ئی بات نہیں ہوئی، عالمی بینک سے مذاکرات میں ہمارا فوکس کنٹری پارٹنرشپ فریم پر تھا، ہوسکتا ہے ان کا کوئی شعبہ اس کو دیکھ رہا ہو،اس سوال پر کہ کیا پاک بھارت کشیدگی سے پاکستان کی معیشت پر منفی اثرات کا خدشہ نظر آرہا ہے؟ وزیر خزانہ نے جواب دیا جیو پالیٹیکس اور جیو اکنامکس دونوں کو دیکھنا ہوگا، امید تو یہی ہے پاک بھارت کشیدگی ختم ہوجائے۔
عالمی بینک سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر کوئی بات نہیں ہوئی:وزیر خزانہ



















