اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے برطانیہ پاکستان کو 2 ٹریلین ( 20 کھرب) ڈالر کی معیشت بنتے دیکھ رہا ہے اور سرمایہ کاری میں اضافے کا خواہش مند ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ (ایل آئی آئی بی ایس) کے آٹھویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جین میریٹ نے کہا برطانیہ دنیا میں مالیاتی خدمات کا سب سے بڑا فراہم کنندہ ہے جو کاروباری خدمات میں دوسرے اور تجارتی خدمات میں تیسرے نمبر پر ہے،دونوں ممالک ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں،تجارتی حجم تقریباً 4.4 بلین پاونڈ ہے ، ہدف 10 بلین پاونڈ تک بڑھانا ہے،چاہتے ہیں تجارت کو 3گنا بڑھا کر 15 بلین پاونڈ تک پہنچایا جائے۔
برطانوی ہائی کمشنر نے برطانیہ صحت، تعلیم اور انجینئرنگ سمیت کئی اہم شعبوں میں پاکستان کےساتھ مل کر کام کر رہا ہے، برطانیہ انجینئرنگ کے شعبے ،ریکو ڈک جیسے دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں کی حمایت کر رہا ہے،موسمیاتی تبدیلی توجہ کا ایک اور اہم شعبہ ہے ،برطانیہ عالمی چیلنج سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرنے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے، برطانیہ پاکستان میں 45 ملین ڈالر کا پروگرام چلا رہا ہے، بجلی شعبے میں اصلاحات کےلئے سرمایہ کاری بھی شامل ہے، صاف ،سبز توانائی پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ پاکستان کی میکرو اکانومی کی مدد کی جا سکے۔
پاکستانی معیشت20 کھرب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، برطانوی ہائی کمشنر



















