لاہور (نعیم جاوید) ہال روڈ کے تاجر بابر محمود کی اپیل پر شہر میں جزوی ہڑتال رہی، ہال روڈ سرکلر روڈ اور اس سے ملحقہ مارکیٹس بند رہیں البتہ گلبرگ کے تمام کاروباری مراکز کھلے رہے، بادامی باغ آٹو سپیئر مارکیٹ بھی کھلی رہی۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے حفیظ سینٹر کے صدر فیاض بٹ نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ مارکیٹس بند کرکے گھروں میں بیٹھنے کی بجائے سڑکوں پر نکل کر مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروا کر اظہار یکجہتی کا ثبوت دیا جائے تاکہ اسرائیلی دہشت گردی، بربریت اور فلسطینی مظلومیت دنیا میں اجاگر ہو۔ اس حوالے سے صدر فیاض بٹ کی سربراہی میں مین بلیوارڈ کی ملحقہ مارکیٹوں کے صدور نے حفیظ سنٹر مین بلیوارڈ سے لبرٹی چوک تک بھرپور پر امن احتجاج ریکارڈ کروایا جس میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاءنے عوام سے اپیل کی کہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور انکو اپنے روزمرہ کے استعمال سے باہر نکال پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر ہم ہر سطح اور ہر پلیٹ فارم پر آواز حق بلند کریں ورنہ اللہ کے حضور کیا جوابدہ ہوں گے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے خالد پرویز گروپ کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ فلسطینیوں کی حمایت میں صرف لاہور کیوں بند کیا جائے پورا پاکستان کیوں نہیں؟ انہوں نے کہا کہ جن تاجروں نے بابر محمود کے ساتھ ملکر ہڑتال کی کال دی اور فوٹو سیشن کروایا، انکی اپنی دکانیں گزشتہ روز کھلی رہیں۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے تاجروں کی جزوی ہڑتال



















