”یکجہتی غزہ مارچ“،22اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال ہوگی،نعیم الرحمن

کراچی،لاہو ر:(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے شاہراہ فیصل پر ”یکجہتی غزہ مارچ“کے لاکھوں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا حکمرانوں نے اہل غزہ و فلسطین کےلئے عملی کردار ادا نہ کیا تو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی،حکومت پاکستان لیڈنگ رول اداکرے، وزیر اعظم شہباز شریف ،فوجی قیادت آگے بڑھے، عالم اسلام کے حکمرانوں ،فوجی سپہ سالاروں کا اجلاس بلائیں اور اسرائیل کو مشترکہ طور پر واضح پیغام دیں اگر فلسطینیوں کی نسل کشی بند نہ کی گئی تو پیش قدمی کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاحماس کی تحریک کبھی بھی ختم نہیں ہوسکتی،حماس محبت، خدمت،مزاحمت،مقاومت اور سامراج کےخلاف جہاد و قتال کا عنوان ہے،اہل غزہ و حماس سے اظہار یکجہتی کےلئے 22اپریل کو پورے ملک میں شٹر ڈاون ہڑتال ہوگی،اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو خطوط ارسال کردئیے ،فلسطینی قیادت سے توثیق لے لی،عالم اسلام کی تحریکوں سے رابطہ کیا جارہا ہے، 22اپریل کی ہڑتال کو گلوبل ہڑتال بنائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاطاغوت کے ہتھیار سے طاغوت کا مقابلہ کریں گے،طاغوت کی تجارت نہیں چلنے دیں گے،صیہونی مصنوعات کی بائیکاٹ مہم مزید تیز کی جائےگی،جہاد کے فتویٰ اور اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ اپیل پر یہودی ایجنٹوں کو کیوں تکلیف ہورہی ہے،پیپلزپارٹی،ن لیگ،پی ٹی آئی امریکہ و اسرائیل کی مذمت ،دہشتگردریاستوں کے خلاف بات کیوں نہیں کرتیں،تمام پارٹیاں امریکہ سے آشیرباد وصول کرنے کےلئے لائن بنا کر کھڑی ہیں،امریکہ و اسرائیل نے اقوام متحدہ کا چارٹر پھاڑ کر رکھ دیا ، امریکہ و اسرائیل کے غلام اپنی سازشوں سے امت کے جذبہ جہاد کو کم نہیں کرسکتے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکراچی نے ایک مرتبہ پھر ثابت کیا شہر عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر ہے، اہل کراچی کا لاکھوں کی تعداد میں شرکت کا جذبہ ضرور رنگ لائے گا،مارچ اختتام نہیں بلکہ آغاز ہے، اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی تحریک جاری رہے گی،بچوں کا بھی مارچ ہوگا،18 اپریل ملتان اور 20 کو اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ ہوگا۔