ڈیرہ اسماعیل خان: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، سرغنہ سمیت 9 خوارج جہنم واصل

راولپنڈی، اسلام آباد، ڈیرہ اسماعیل خان (بیورو رپورٹ) سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے سرغنہ سمیت فتنہ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا،آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مو¿ثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 9 خوارج ہلاک ہو گئے،ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شیرین بھی شامل تھا جبکہ مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

خارجی رنگ لیڈر شیرین قانون نافذ کرنے والے اداروں کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے انتہائی مطلوب ، کئی بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کےساتھ ساتھ 20 مارچ 2025 کو کیپٹن حسنین اختر شہید کی شہادت میں بھی ملوث تھا، علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے،سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے پرعزم ہیں۔

صدر آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کارروائی میں دہشت گردوں کے سرغنہ کو ہلاک کرنا سکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کےساتھ کھڑی ہے۔

کراچی (بیورورپورٹ) کراچی کے علاقے کورنگی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا،ترجمان رینجرز نے کہا تینوں دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، گرفتار دہشت گرد نعیم اللہ عسکری تربیت یافتہ اور وزیرستان میں کارروائیوں میں ملوث ہے جو کچھ عرصہ قبل کراچی میں آکر اپنا نیٹ ورک منظم کرنے میں سرگرم تھا، تینوں دہشت گرد کراچی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔