کراچی، واشنگٹن، ریاض، کویت، سڈنی، سیول، بحرین،ہانگ کانگ، ٹوکیو (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) ٹرمپ ٹیرف سے عالمی منڈیوں میں بھو نچال، پاکستان سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس میں بد ترین مندی، کاروبار بند، سودے منسوخ کر دئیے گئے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کئی ممالک پر نئے ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد خود امریکہ سمیت ایشیا اور خلیجی ملکوں کی سٹاک مارکیٹ پر منفی اثرات نمایاں ہونے لگے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی پاکستان سٹاک ایکس چینج میں شدید مندی کا رجحان رہا۔
سرمایہ کاروں کو اربوں کا نقصان برداشت کرنا پڑا، کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان سٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھنے کو ملی، 100 انڈیکس 3331.22 پوائنٹس کم ہونے سے انڈیکس 115460 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا،پی ایس ایکس کے اعلامیے کے مطابق ایکویٹی اور ایکویٹی بیسڈ مارکیٹ 46 منت تک بند رہی،بحالی کے بعد بازار حصص میں ٹریڈنگ شروع ہوئی، تاہم مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 7734.77 پوائنٹس کم ہوکر 111,056.89 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے اختتام تک جزوی ریکوری ہوئی اور انڈیکس 3882 پوائنٹس کمی سے 114909 پوائنٹس پر بند ہوا،دوسری جانب امریکی ٹیرف اور تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سے سعودی سٹاک مارکیٹ بھی کریش کر گئی ،سعودی بنچ مارک تاسی انڈیکس 700 پوائنٹس کمی سے 11200 پر بند ہوا، آئل کمپنی آرمکو کو شیئرز کی مد میں 340 ارب ریال کا نقصان ہوا، سعودی نیشنل بینک اور دیگر بڑی کمپنیوں کو بھی نمایاں نقصان ہوا،سعودی میڈیا کے مطابق قطر، کویت، مسقط اور بحرین کی سٹاک مارکیٹوں میں بھی گراوٹ پیدا ہو گئی۔
کویت سٹاک مارکیٹ میں 6.6، قطر سٹاک مارکیٹ میں 5.5 فیصد کمی ہوئی، مسقط مارکیٹ انڈیکس میں 2.1 فیصد، بحرین سٹاک مارکیٹ میں 2.5 اور عمان میں 2.6 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی، خلیجی سٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی،جنوبی کوریا میں شدید مندی کے خدشات پر ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی ، آسٹریلین سٹاک مارکیٹ میں 160 ارب ڈالرز کا خسارہ ہوا جہاں ٹریڈنگ شروع ہونے کے 15 منٹ میں بنچ مارک ایس اینڈ پی 6 فیصد نیچے آگیا،ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں شیئرز کی قیمتیں 13.22 فیصد تک گر گئیں۔
جاپان کی نکی انڈیکس میں بھی 7 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی، یہاں ٹریڈنگ کے دوران کاروبار بھی روکنا پڑا جبکہ شنگھائی سٹاک میں 7.34 فیصد کی گراوٹ ہوئی،ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے ساتھ جاری تجارتی جنگ کے تناظر میں ٹیرف کے نفاذ پر سخت مو¿قف اپناتے ہوئے کہا جب تک چین کےساتھ تجارتی خسارہ حل نہیں ہوگا، کوئی معاہدہ نہیں کریں گے،ٹرمپ نے عالمی سٹاک مارکیٹس میں پیدا ہونےوالی ہلچل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا”کبھی کبھار آپ کو دوائی بھی لینی ہوتی ہے“، چین کا ٹریڈ سرپلس ناپائیدار ہے اور اس پر یورپی و ایشیائی رہنماو¿ں سے بھی بات چیت کی جا چکی ہے۔
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) امریکہ کی جانب سے پاکستانی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کےلئے حکمت عملی تیار کرنے پر کام شروع کردیا گیا، وزیر تجارت جام کمال خان کی زیر صدارت وزارت تجارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں امریکہ کی جانب سے 29 فیصد اضافی ٹیرف کے ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا،حکومت اضافی امریکی ٹیرف پر ٹرمپ انتظامیہ سے بات چیت کرے گی جس کا مقصد ٹیرف میں ممکنہ کمی کی راہ ہموار کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر تجارت جام کمال خان کی زیرصدارت اہم اجلاس میں 50 سے زیادہ مختلف کاروباری نمائندوں، بڑے تاجروں، درآمد اور برآمد کنندگان سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز شریک تھے،اجلاس میں نئے امریکی ٹیرف کے خاص طور پر پاکستانی ٹیکسٹائل برآمدات پر ممکنہ منفی اثرات کے سدباب کا جائزہ لیا گیا،حکام کے مطابق پاکستان کی امریکہ کو برآمدات کا حجم اوسط 5.5ارب ڈالر سے زیادہ ہے، امریکہ کیلئے پاکستانی برآمدات کا زیادہ تر حصہ ٹیکسٹائل پر مبنی ہے،وزیر تجارت نے کہاعالمی تجارتی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے قومی سطح پر ہم آہنگی ضروری ہے۔
امریکی ٹیرف کے معاملے پر ٹیمیں، سفارتکار وائٹ ہاو¿س سے رابطے میں ہیں تاکہ خدشات کو مو¿ثر انداز سے حکام تک پہنچایا جائے،جام کمال نے وزارت تجارت کے فعال کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا حکومت امریکہ کے ساتھ بہتر تجارتی روابط کےلئے جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے تاکہ باہمی مفاد پر مبنی نتائج حاصل کیے جا سکیں،وزیر تجارت نے برآمد کنندگان سے تجاویز اور سفارشات طلب کیں تاکہ ایک مضبوط اور قابل عمل پالیسی مرتب کی جا سکے،نجی شعبے نے وزیر تجارت کی قیادت میں حکومت کی بروقت اور فعال کوششوں کو سراہا اور سٹیک ہولڈرز کو مشاورت میں شامل کرنے کے حکومتی عزم کی تعریف کی۔
ٹرمپ ٹیرف سے عالمی منڈیوں میں بھو نچال، سٹاک مارکیٹس میں بد ترین مندی



















