سی سی ڈی افسران سے اہداف کے حصول کیلئے فوری نتائج کی توقعات ہیں: آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے آرڈیننس کی منظوری کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون اینڈ ٹو، متعلقہ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز اور سینئر افسران موجود تھے جبکہ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ساو¿تھ پنجاب، آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آرڈیننس منظوری کے بعد سی سی ڈی کے فعال ہونے بارے اقدامات کا جائزہ لیا۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ورکنگ کیلئے ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، ٹی او آرز اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے آرڈیننس کی منظوری کے بعد ادارے کے اغراض و مقاصد، اہداف بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ سی سی ڈی کیلئے انتہائی پروفیشنل، منجھے ہوئے کرائم فائٹر افسران کا انتخاب کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث کریمنلز کا سدباب کریں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن کامیابی کیلئے مکمل پرامید ہیں۔ آر پی اوز، ڈی پی اوز سی سی ڈی کو ابتدائی طور پر مطلوبہ ہیومن ریسورس، دفاتر، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس فراہم کر رہے ہیں۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے لئے فنڈز منظور اور 04 ہزار اہلکاروں کی بھرتی کا پراسس بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کیلئے ٹرانسپورٹ، فرنیچر اور لاجسٹکس کی خریداری کا عمل بھی جلد شروع ہو گا۔ سی سی ڈی کے اپنے تھانوں کی بلڈنگز کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔ سی سی ڈی کومفصل کریمینلز ڈیٹا بیس، سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ سسٹم، جدید لوکیٹرز اور آئی ٹی ٹیکنالوجی کی مدد حاصل ہو گی۔ سی سی ڈی افسران سے اہداف کے حصول کیلئے بھرپور صلاحیتوں، مثبت اور فوری نتائج کی توقعات ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ منشیات کے بڑے ڈیلرز، خطرناک کریمنلز کی گرفتاری و سزائیں یقینی بنانا، نوگو ایریاز کا خاتمہ اور حساس ایونٹس کی سکیورٹی سی سی ڈی کی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، ڈکیتی رابری، ڈکیتی رابری کے دوران مرڈر اور ڈکیتی رابری کے دوران ریپ کے ملزمان کی گرفتاری اہداف میں شامل ہیں اسی طرح وہیکلز چوری، قبضہ مافیا، بین الصوبائی گینگز، کریمنلز کے سرکوبی کیلئے دیگر اضلاع سے کوارڈینیشن بھی امور میں شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی، شر پسندی، لا اینڈ آرڈر، جرائم کا خاتمہ اور پنجاب پولیس کو درپیش اہم ترین چیلنجز کیلئے تمام پولیس یونٹس کوارڈینیشن مزید بہتر بنائیں۔



















