IMFکی ایک اور شرط پوری،FBRمیں نیا ڈائریکٹوریٹ قائم کرنے کی منظوری


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری ،وفاقی حکومت نے ٹیکس چوری کی نشاندہی کےلئے فیلڈ فارمشنز کےساتھ کوآرڈی نیشن کےلئے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ڈائریکٹر جنرل خصوصی اقدامات اور 2 ڈائریکٹرز کے دفاترقائم کرنے کی منظوری دےدی۔

ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نیا ڈائریکٹوریٹ ملک میں محصولات کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی، مس ڈکلیئریشن اور انڈر انوائسنگ کی روک تھام کے اقدامات کےساتھ ساتھ سمگلنگ کےخلاف مزید مربوط حکمت عملی وضع کرنے کےلئے قائم کیا گیا ،اقدامات محصولات میں کمی کا سبب بننے والی پیچیدگیاں دور کرنے ، ٹیکس وصولی کے عمل میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے،ڈائریکٹر جنرل متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں ، دیگر اداروں کےساتھ کسٹمز سے متعلق معاملات پر رابطہ رکھیں گے۔

نئے ڈائریکٹوریٹ کے تحت ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹرز کسٹمز کے فیلڈ دفاتر اور صوبائی حکام کےساتھ مربوط کوآرڈی نیشن یقینی بنائیں گے، محصولات کی وصولی میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے حل کےلئے تجاویز پیش کریں گے، مس ڈکلیئریشن اور انڈر انوائسنگ روکنے کےلئے موثر اقدامات تجویز کیے جائیں گے، ڈائریکٹوریٹ کسٹمز اکیڈمی پاکستان کےلئے خصوصی تربیتی کورسز اور ورکشاپس ترتیب دینے میں بھی معاونت کرے گا ،نوٹیفکیشن کے مطابق تمام عمل کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل کریں گے ۔