اسلام آ با د: (بیورورپورٹ)ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال بدستور قابو سے باہر،دسمبر تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 74 ہزار ارب سے بڑھ گیا،وزارت خزانہ نے سرکاری قرضوں پر پہلی ششماہی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر 2024 تک سرکاری قرضوں کا مجموعی حجم 74ہزار ارب سے بھی بڑھ گیا،جولائی تا دسمبر 2024 سرکاری قرضوں میں 2767 ارب اضافہ ریکارڈ کیا گیا،6ماہ کے دوران قرض پر 5142 ارب سود کی بھی ادائیگی،90 فیصد سود مقامی قرضوں پر دیا گیا،حجم 49 ہزار 883 ارب روپے رہا،6 ماہ میں اندرونی 2723 ارب اور بیرونی قرضوں میں 44 ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اندرونی قرضوں کی شرح 67.4 فیصد اور بیرونی قرضوں کی 32.6 فیصد رہی،اندرونی قرضوں کی واپسی کی اوسط مدت 2.9 سال سے بڑھ کر 3.4 سال ہوگئی،بیرونی قرضوں کی میچورٹی کی مدت 6.2 سال کی آسان سطح پر ہے۔
جولائی تا دسمبر مالی خسارہ 1538 ارب روپے رہا،درمیانی سے طویل مدت کیلئے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز اور اجارہ سکوک جاری کئے،گورنمنٹ سیکیورٹیز بائی بیک اینڈ ایکسچینج پروگرام کا اجراءکیا گیا، تقریباً 1000 ارب کے بائی بیک کرنے سے 31 ارب روپے کی بچت ہوئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق 6ماہ میں مہنگائی،مالی وکرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی،ایکسچینج ریٹ مستحکم رہا،جولائی تا دسمبر پرائمری بیلنس 3604 ارب روپے ریکارڈکیاگیا،جولائی تا دسمبر مہنگائی کی اوسط شرح 7.2 فیصد ریکارڈ کی گئی،میڈیم ٹرم ڈیبٹ سٹریٹجی 26-2023 میکرو اکنامک حکمت عملی کا حصہ ہے۔
دریں اثنا ایف بی آر کا ٹیکس شارٹ فال بدستور قابو سے باہر ہے،مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں ریونیو خسارہ 725 ارب روپے تک پہنچ گیا،ریونیو ہدف میں 636 ارب روپے کی کمی بھی کام نہ آئی،صرف مارچ کے مہینے میں ریونیو خسارہ 100 ارب روپے سے زیادہ،1220 ارب ہدف کے مقابلے تقریبا ً1100 ارب عبوری ٹیکس جمع ہو سکا،آئی ایم ایف کا دباو اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کی کوششیں کارآمد ثابت نہیں ہوئیں،مارچ میں 34ارب جبکہ 9 ماہ میں 384 ارب کے ریفنڈز ادا کئے گئے۔
عبوری اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے 9 ماہ میں ایف بی آر نے 8444 ارب روپے ٹیکس جمع کیا جبکہ ٹیکس ہدف 9 ہزار 167 ارب مقرر تھا،موجودہ مالی سال کا نظرثانی شدہ سالانہ ہدف 12 ہزار 334 ارب مقرر ہے، اصل ٹیکس ہدف 12 ہزار 970 ارب تھا،ایف بی آر کو نظرثانی شدہ سالانہ ہدف پورا کرنے کیلئے اگلے 3ماہ میں کوششیں تیز کرنا ہوں گی۔
ٹیکس شارٹ فال بدستور بے قابو ،سرکاری قرضے 74 ہزار ارب سے بڑھ گئے



















