آن لائن منشیات کی خریدوفروخت کرنیوالے ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے :آئی جی

لاہور (کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کے مسائل سننے کے بعد فوری ریلیف کیلئے احکامات جاری کئے۔ تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی حسن افتخار کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت کی۔ اسی طرح انسپکٹر مظہر اقبال کی ٹرانسفر کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو ریلیف کی ہدایت دی جبکہ ریٹائرڈ انسپکٹر سعید اختر کی درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو کو ریلیف کی ہدایت کی۔ اسی طرح کانسٹیبل ذیشان خان کی مالی امداد کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس کو ریلیف کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسپلن، ایڈمن، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلقہ دیگر درخواستوں پر بھی احکامات جاری کئے۔ علاوہ ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب ویژن کی تکمیل میں 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 271 ریڈز اور 149 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 271 ریڈز کئے گئے۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 58 کلو گرام چرس، 7 کلو گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ 3 کلو گرام آئس اور 1700 لٹر سے زائد شراب بھی برآمد کی گئی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات ڈیلرز اور سمگلرز کے خلاف سپیشل آپریشنز جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کی سپلائی چین کا خاتمہ اورآن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گرد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے۔