بارڈر سے چینی افغانستان سمگل نہیں بلکہ برآمد ہو رہی ہے،سینیٹر اورنگزیب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن، بارڈر سے چینی افغانستان سمگل نہیں بلکہ برآمد ہو رہی ہے،ایف آئی اے ، آئی بی سمیت مختلف ادارے شوگر ملز کی خریدو فروخت کی نگرانی میں تعاون کررہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے وزیر اطلاعات عطاتارڑ کےساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ملک معاشی طور پر مستحکم ہورہا ہے، وزیراعظم اور کابینہ کو گزشتہ ہفتے ملک کی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا گیا، فروری میں 3.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، سٹاک مارکیٹ نے نئے ریکارڈز قائم کیے، تجارتی خسارے میں نمایاں کمی آئی، سٹاک مارکیٹ میں 52 ہزار سے زائد سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی،2025 میں معاشی اشاریوں میں مزید بہتری متوقع ہے، ایف بی آر نے شوگر ملز میں مانیٹرنگ سسٹم قائم کردیا ، شوگر ملز کی مکمل مانیٹرنگ کےلئے جدید نظام بروئے کار لایا جارہا ہے، ایف آئی اے ، آئی بی سمیت مختلف ادارے شوگر ملز کی خریدو فروخت کی نگرانی میں تعاون کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا معاشی اشاریئے مثبت ہو رہے ہیں، تمام پاکستانی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، تمام دوست ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کے معترف ہیں، اوورسیز پاکستانیز لائق تحسین ہیں جنہوں نے پاکستان ترسیلات بھجوا کر زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیا، پاکستان کی معیشت استحکام سے ترقی کی طرف جا رہی ہے۔

عطاتارڑ نے کہاچینی پر اٹھائے گئے اقدامات تاریخ میں پہلے کبھی نہیں لئے گئے، سیلز ٹیکس وصولی ایک سال کے اندر 15 ارب سے 24 ارب روپے تک پہنچی ، عوام کے مفاد میں جو بھی اقدامات کرنے ہوں گے وہ کریں گے، ایک سال کے اندر بے مثال اقدامات اٹھائے گئے، تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا۔