اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ وقت کی اہم ضرورت ہے:آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے اغراض و مقاصد، ہیومن ریسورس اور لاجسٹکس سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر عابد خان سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے اینٹی کرائم سپیشلائزڈ یونٹ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ لا ءاینڈ آرڈر اور کرائم کنٹرول ڈی پی اوز کی ذمہ داری ہے اور سی سی ڈی کو اضافی سپورٹ فراہم کرے گئے۔ پنجاب پولیس کے تمام یونٹس سی سی ڈی کے ساتھ مل کر پوری قوت سے جرائم کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔ سی ٹی ڈی کی طرح کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب پولیس کا کامیاب اور مضبوط ونگ ثابت ہو گا۔ امن کے قیام، جرائم کی سرکوبی کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس اور سی سی ڈی ایک دوسرے کو بھرپور معاونت فراہم کریں گے۔ اجلاس میں تمام پولیس ریجن، اضلاع، یونٹس اور فارمیشنز نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے کا عزم کیا۔ایڈیشنل آئی جی سی سی ڈی سہیل ظفر چٹھہ نے کہا کہ کرائم فائٹر پولیس افسران کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا حصہ اور آرگنائزڈ کرائم کی سرکوبی انکا مشن ہوگا۔ ضلعی پولیس افسران اہم کیسز کو سی سی ڈی کو ٹرانسفر کر سکیں گے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کا احتساب اور ویجی لنس کا نظام انتہائی تیز، موثر اور شفاف ترین ہو گا۔ ڈی آئی جی ویجی لنس اینڈ انٹرنل اکاونٹیبلٹی (سی سی ڈی) تمام ایس او پیز کے نفاذ کے ذمہ دار ہوں گے۔ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کیلئے ریجنل اور ڈسٹرکٹ افسران کے نام فائنل کرلئے گئے ہیں جبکہ لیگل فریم ورک کے بعد جلد نوٹیفیکیشن جاری ہو گا۔ سی سی ڈی افسران و اہلکاروں کی سی ٹی ڈی طرز پر سپیشلائزڈ ٹریننگ کروائی جائیگی۔ اضلاع سی سی ڈی کو ریڈز کیلئے ایلیٹ پولیس، ٹیکنیکل و لاجسٹکس سپورٹ فراہم کریں گے۔ سی سی ڈی کے ملازمین کو سی ٹی ڈی کے مساوی تنخواہ اور الاونسز دیئے جائیں گے۔ ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن عمران احمر، ایس ایس پی سی ٹی ڈی عمر سلامت، ایس ایس پی ٹیلی کمیونی کیشن کیپٹن (ر)محمد علی ضیا، ڈی پی او حافظ آباد عاطف نذیر اور اے آئی جی لاجسٹکس عبداللہ لک سمیت سینئر افسران موقع پر موجود تھے جبکہ ایڈیشنل آئی جی ساوتھ پنجاب کامران خان، تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔