لاہور،پشاور: (کرائم رپورٹر،بیورورپورٹ)پنجاب بڑی تباہی سے بچ گیا،سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران لاہور سے 2 فتنہ الخوارج سمیت پنجاب کے مختلف شہروں سے 20 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 162 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیاں لاہور ، فیصل آباد ، خانیوال، بہاول نگر ، راولپنڈی ، چنیوٹ، میانوالی ، ساہیوال ، شیخوپورہ ، سیالکوٹ، بہاولپور اور حافظ آباد میں کی گئیں،کارروائیوں میں لاہور سے فتنہ الخوارج کے2 جبکہ راولپنڈی سے خطرناک دہشت گرد منموہن سنگھ کو گرفتار کیا گیا، منموہن سنگھ کا تعلق رحیم یار خان سے ہے۔
دہشتگردوں سے دھماکہ خیز مواد، 3 آئی ای ڈی بم ، 23 ڈیٹونیٹرز ،61 فٹ حفاظتی فیوز تار ، متنازع پمفلٹس نقدی اور موبائل فون برآمد ہوئے، دہشت گردوں کی شناخت صالح رضا ، ریاض ، ابوبکر ، بوال خان، یونس ، عثمان اور منموہن سنگھ وغیرہ کے نام سے ہوئی،حکام نے مزید کہا رواں ہفتے میں 2231 کومبنگ آپریشنز کے دوران495 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ، کومبنگ آپریشنز میں 87 ہزار 565 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
مزید برآں پشاور کے تھانہ سربند کی حدود میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، پولیس کے مطابق بی ڈی یو نے سڑک کنارے نصب 2 دیسی ساختہ بم ناکارہ بنا کر علاقے کو تباہی سے بچا لیا۔
دوسری جانب لکی مروت میں عباسہ اور شہاب خیل کے قریب چوکی عباسہ پولیس کا فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کےساتھ فائرنگ کا تبادلہ، دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر جدید ہتھیاروں سے حملہ کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک خارجی دہشت گردی ہلاک ہوگیا،دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا، دیگر پولیس اہلکار محفوظ رہے،ادھر کوہاٹ میں نصرت خیل کے علاقے میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق فائرنگ میں مفتی فرمان اپنے ایک ساتھی کے ساتھ جاں بحق ہوئے۔
سی ٹی ڈی کی کارروائیاں،2فتنہ الخوارج سمیت 20دہشتگرد گرفتار



















