لاہور: (اپنے رپورٹر سے)پنجاب میں165 سالہ قدیم فوجداری قوانین تبدیل کرنے کیلئے ”قانونی اصلاحات کمیٹی“تشکیل دےدی گئی۔
قانونی اصلاحات کمیٹی قدیم فوجداری قوانین کو جدید و مو¿ثر بنانے کیلئے سفارشات ،ضابطہ فوجداری 1898، تعزیرات پاکستان 1860 اور قانون شہادت آرڈر 1984 میں ترامیم کا مسودہ تیار کرے گی،قومی سلامتی کے قانون کا مسودہ بھی تیار کیاجائےگا ،جرائم کی روک تھام، قانون کے موثر نفاذ و امن عامہ کی بحالی کیلئے قانونی اصلاحات لائی جائیں گی، پنجاب میں خصوصاً خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے قوانین میں ترامیم تجویز کی جائیں گی، قانونی اصلاحات کمیٹی انسداد دہشتگردی، سائبر کرائم، سائبر سکیورٹی اور بین الصوبائی رابطہ قوانین میں ترامیم تجویز کرے گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق قانونی اصلاحات کمیٹی جدید سائنسی تکنیک، قوانین و معاشرتی تقاضوں سے ہم آہنگ ترامیم تجویز کرے گی،نوٹیفکیشن کے مطابق ڈی آئی جی کامران عادل کمیٹی کے سربراہ، ایڈیشنل سیکرٹری (جوڈیشل) محکمہ داخلہ عمران رانجھا سیکرٹری ہوں گے، کمیٹی ممبران میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ قانون یونس، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حسن خالد اور نمائندہ پراسیکیوٹر جنرل پنجاب شامل ہیں،قانونی اصلاحات کمیٹی 3 ماہ کے اندر اپنی رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کرے گی۔
پنجاب میں165 سالہ قدیم فوجداری قوانین تبدیل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل



















