لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندے گرفتار

اسلام آباد (مشرق نیوز) لیبیا کشتی حادثہ 2025 میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ایف آئی اے کوہاٹ زون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے رواں برس لیبیا کشتی حادثے میں ملوث بین الاقوامی گینگ کے 2 کارندوں کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت حبیب الرحمن اور نوید احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تازہ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ ان کے دیگر ساتھی اٹلی سے انسانی سمگلنگ کا گینگ چلا رہے تھے۔ ملزمان کو چھاپہ مار کارروائی میں پشت بازار باجوڑ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان رواں ماہ لیبیا میں ہونے والے کشتی حادثے میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ کشتی حادثے میں کرم سے تعلق رکھنے والے 14 متاثرین جاں بحق ہو گئے تھے۔ ملزمان نے شہزاد حسین نامی شہری کو یورپ بھجوانے کیلئے 37 لاکھ روپے ہتھیائے جبکہ دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متعدد متاثرین سے بھاری رقوم وصول کیں۔ ملزمان کے دیگر ساتھی واجد علی اور شاہ فیصل اٹلی سے گینگ کو آپریٹ کر رہے تھے۔ کشتی حادثے میں متاثرہ شہری کی موت واقع ہوئی تھی۔

ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فون بھی برآمد کرلے گئے ہیں، جن میں سے ویڈیوز، تصاویر، میسیجز اور بینک ٹرانزیکشنز بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ حکام نے ملزمان کے زیر استعمال 3 بینک اکاونٹس منجمد کروا دئیے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق لیبیا میں متاثرین کو سیف ہاو¿سز میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ ملزمان نے بعد ازاں دیگر ساتھیوں کیساتھ ملکر متاثرین کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یورپ بھجوانے کی کوشش کی جو کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔

ملزمان کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ انٹرپول کی مدد سے بیرون ملک انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا رہی ہے۔