اسلام آباد (مشرق نیوز) ملک میں چینی کی مسلسل بڑھتی قیمتوں کو رمضان سے قبل بریک نہ لگ سکا، زیادہ سے زیادہ فی کلو قیمت 160روپے تک جاپہنچی۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت 154 روپے 27 پیسے فی کلوہوگئی، 2025 کے ڈیڑھ ماہ میں چینی اوسط 15 روپے 63 پیسے فی کلومہنگی ہوگئی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق گزشتہ ڈھائی ماہ میں چینی اوسط 22 روپے 42 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، 2025 کے آغاز پر ملک میں چینی کی اوسط قیمت138روپے64 پیسے فی کلو تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈھائی ماہ قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت131روپے85پیسے فی کلو تھی البتہ ایک سال قبل 15 فروری 2024 کو چینی کی اوسط قیمت 144 روپے 48 پیسے فی کلو تھی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق شہبازحکومت نے جون سے اکتوبر 2024 کے دوران 7 لاکھ 50 ہزار ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی، پھر آخری بار اکتوبر 2024 میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمدکرنےکی اجازت دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ رواں ہفتے میڈیا نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ جولائی 2024 تا جنوری 2025، رواں مالی سال کے 7 ماہ کے دوران افغانستان کو چینی کی برآمد میں حیرت انگیز طور پر ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کیلئے پاکستانی برآمدات میں سب سےزیادہ حصہ چینی کا ہی ہے، رواں مالی مالی سال کے پہلے7 ماہ میں افغانستان کیلئے چینی کی برآمد 26 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی ہے جبکہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران افغانستان کیلئے چینی کی برآمد محض 59 لاکھ ڈالر تھی۔
رمضان سے قبل چینی کی قیمتیں بے قابو، 160 روپے کلو تک جاپہنچیں



















