اوورسیز نے عمران خان کی کال مسترد کردی،دسمبر میں ریکارڈ ترسیلات زر

اسلام آبا د،پشاور:(بیورورپورٹ)اوورسیز نے عمران خان کی کال مسترد کردی، دسمبر میں 3.07 ارب ڈالرز کی ریکارڈ ترسیلات بھیجیں۔

سٹیٹ بینک اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر میں 3.07 ارب ڈالرز وطن بھیجے،سعودی عرب سے سب سے زیادہ 77 اور متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے،برطانیہ 45 کروڑ ڈالر، یورپ 36 کروڑ ڈالر اور امریکہ سے 28 کروڑ ڈالر بھیجے گئے۔

ڈیٹا کے مطابق جولائی تادسمبراوورسیز پاکستانیوں نے17ارب 84 کروڑڈالر وطن بھیج کرریکارڈبنایا،ورکرزترسیلات زرمیں ماہانہ بنیاد پر6فیصد،سالانہ بنیاد پر29فیصداضافہ ریکارڈکیا گیا،رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم بھیجیں، پاکستانیوں نے 6 ماہ میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالرز وطن بھیجے، جنوری سے دسمبر 2024 کی ورکرز ترسیلات 34.65 ارب ڈالر رہیں۔

دریں اثنا پارلیمانی ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال اظہر کیانی نے کہا ترسیلات زر میں بڑا اضافہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی کامیابی کی ایک اور گواہی ہے ،اوورسیز نے دسمبر میں 3.1 ارب ڈالر بھجوا کر پی ٹی آئی کی ترسیلات زر نہ بھجوانے کے اعلان کو مسترد کردیا ، بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی رقوم دسمبر 2023 کے مقابلے میں 29.3 فی صد اور نومبر 2024 کے مقابلے میں 5.6 فی صد زائد ہیں۔

ادھر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو ترقی سے ہمکنار کرنے کی قائد نواز شریف کی روایت پھر دہرا رہے ہیں،بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر میں 3.1 ارب ڈالر کی ریکارڈ رقم پاکستان بھیج کر عمران خان کی کال مسترد کردی،ریکارڈ ترسیلات زر اور یورپ کےلئے پی آئی اے کی پروازوں کے آغاز پر قوم کو مبارک باد دیتی ہوں،نالائق، نااہل چوروں کے پہلے ایک سال19 -2018 کا موازنہ شہباز شریف کے پہلے ایک سال سے کرلیں جواب مل جائے گا،بزدار کے پہلے ایک سال کا موازنہ کریں اور مریم نواز کے ایک سال کا موازنہ کریں جواب مل جائے گا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا اوورسیز پاکستانیوں سے ترسیلات روکنے کی اپیل کا اثر اگلے2،3ماہ میں نظر آئے گا،حکمران جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں، پی آئی اے سمیت سارے ادارے خسارے میں جا رہے ہیں،پنجاب میں کسان دشمنی پالیسی چل رہی ہے۔