لاہور(نعیم جاوید ) تاجر رہنما عرفان اقبال شیخ کے گلبرگ مین بلیوارڈ پر زیرتعمیر پلازہ پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر والا بورڈ لگانے پر پی ٹی آئی رہنما بشریٰ بی بی نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا جس پر عرفان اقبال شیخ بورڈ نے اتار دیا، تاہم دوسری طرف انہوں نے حکومتی جماعت کے رد عمل سے محفوظ رہنے کی خاطرلاہور میں پیپلز پارٹی کی چھتری تلے نئی تاجر تنظیم بنانے پر کام کا آغاز کردیا اور 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماﺅں نے گورنر پنجاب سے ملاقات بھی کی ہے۔لاہور چیمبر آف کامرس کے انتخابات میں شہر کے بڑے تاجر گروپس میں تقسیم کے نتیجے میں عرفان اقبال شیخ پیاف فاﺅنڈر الائنس کو شکست کے بعد تاجر برادری کو تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی کی ابتدا کرتے ہوئے نیا گروپ تشکیل دینے پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں شہر کی مختلف مارکیٹس کے سیاسی تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی خاطر مبینہ طور پر 4رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کہ مختلف مارکیٹس کے گروپس کے ساتھ رابطہ کر رہی ہے۔ عرفان اقبال شیخ کی طرف سے سابق حکمران جماعت کے دور میں فرنٹ پر دکھائی دیتے ہوئے سابق خاتون اوّل کے ساتھ قریبی رشتہ داری قائم کی گئی تھی۔ حکومت میں تبدیلی کے بعد عرفان اقبال شیخ کی جانب سے وفا داری کو تبدیل کرتے ہوئے گلبرگ مین بلیوارڈ پر تعمیر کئے جانے والی کمرشل عمارت پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا تصویری بورڈ نصب کیا گیا جس پر پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی کی سرزنش کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کا تصویری بورڈ ہٹا دیا گیا جس کے بعد حکومتی ردعمل سے محفوظ رہنے کی خاطر پیپلز پارٹی لاہور کے سینئررہنماﺅں کی سرپرستی میں شریک چیئرمین اور صدر پاکستان آصف علی زرداری سے رابطہ، گورنر پنجاب سے ملاقات کے احکامات کے بعد سینئررہنماﺅں کے ہمراہ گورنر ہاﺅس پنجاب میں عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں ملاقات کی گئی جس کے بعد پیپلز پارٹی کی چھتری کے نیچے تاجر برادری کو تقسیم کرنے کی منصوبہ بندی پر عملی اقدامات کرتے ہوئے چار رکنی ٹیم کی سربراہی میں کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔لاہور چیمبر میں شکست کے بعد عرفان اقبال شیخ کی طرف سے حکومتی جماعت کے رد عمل سے محفوظ رہنے کی خاطر اتحادی سیاسی جماعت کا سہارا لیا گیا ہے، شہر میں نئے نام سے تاجر گروپ کا قیام مکمل کرنے کے بعد حلف برداری تقریب گورنر سے کروانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ واضح رہے عرفان اقبال شیخ کا ماضی مختلف ادوار میں سیاسی وفا داریوں کو تبدیل کرنے کیلئے مشہور ہے۔ سابق حکومت کے ادوار میں غیر قانونی طریقے سے مالی مفاد کے ساتھ ذاتی فائدہ بھی حاصل کیا گیا تھا جس میں عرفان اقبال شیخ کے بھائی انیس اقبال شیخ کے بیٹے کا سابق خاتون اوّل بشریٰ بی بی کے سابق شوہر کی بیٹی سے ازدواجی رشتہ بھی قائم کیا گیا جس میں سعودی حکومت سے خصوصی اجازت کے بعد بذریعہ چارٹرڈ طیارہ گئے اور شادی کی تقریب سعودی عرب منعقد کی گئی تھی۔ سابق دور حکومت میں تاجر برادری میں پی ٹی آئی کی نمائندگی فرنٹ پیج پر کی گئی تھی۔اس سلسلے میں عرفان اقبال شیخ سے موقف لینے کی خاطر رابطہ کیا گیا تاہم انہوں نے موقف نہ دیا، واٹس ایپ میسج بھی کرنے کے بعد کوئی رابطہ نہ ہو سکا ۔
عرفان اقبال شیخ کے پلازہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کا تصویری بورڈ لگانے پر بشریٰ بی بی ناراض



















