لاہور (سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیربرائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں،نہ صرف ہندووں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کرینگے۔پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم دنیا کو اقلیتی برادری کے حوالے سے اچھا پیغام دیں گے، کٹاس راج مختلف مذاہب پر مشتمل عظیم ثقافتی ورثہ ہے ۔یہ باتیں انہوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اانتظام کٹاس راج مندر میں ہندو یاتریوں کیلئے تعمیر کئے گئے رہائشی کمپلیکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہو ں نے کہا کہ جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے 19 کروڑ روپے کی لاگت سے کٹاس راج مندر کیساتھ ملحقہ 36 کمروں پر مشتمل عمارت تعمیر کی گئی ہے جس میں رہائشی کمروں کے علاوہ وسیع لنگر ہال اور جدید کچن بھی تعمیر کیا گیا ہے۔ اس امر کو یقینی بنایا گیا ہے کہ پاکستان بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے ہندو یا تری یہاں ہر سہولت کے ساتھ قیام کر سکیں۔ پاکستان آنیوالے یاتریوں کی تعداد بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان بھر میں موجود تمام اقلیتوں کی خوشحالی ، انکی عبادتگاہوں کی تزئین و آرائش اور تعمیر نو کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔یہ کامیابی غیر مسلم کمیونٹیز کی عبادتگاہوں کے تحفظ اور ترقی کو یقینی بنانے میں متروکہ وقف املاک بورڈ انتظامیہ کی لگن کا ثبوت ہے جس پر میں چیئرمین متروکہ وقف املا ک بورڈ ڈاکٹر عطاءالرحمن اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں پاکستان بھارت اور دنیا بھر میں بسنے والے ہندو مذہب کے پیروکاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ کٹاس راج مندر تشریف لائیں اور مکمل مذہبی آزادی اور حکومت پاکستان کی فراہم کردہ سہولیات کے ساتھ اپنی عبادات ادا کریں۔ڈاکٹر عطا الرحمن نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجود اقلیتوں کی خدمت اور بیرون ملک سے آنیوالے یاتریوں کی مہمان نوازی کیلئے ہمیں حکومت پاکستان اور ضلعی حکومتوں کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخی کٹاس راج مندرمیں 36 رہائشی کمرے اور ذیلی جدید سہولیات شامل کرکے ایک اہم تبدیلی ہے۔ بہتر سہولیات کے علاوہ صحتمندر ماحول کیلئے مختلف انواع و اقسام کے 6 ہزار پودے لگائے ہیں اور جدید انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی شعور کے ساتھ وراثت کے تحفظ کو یقینی بنا یا گیا ہے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ نے کٹاس راج مندر میں 40 کلو واٹ کا سولر سسٹم اور کشادہ پارکنگ کی سہولیات مہیا کی ہیں تا کہ پاکستان اور دنیا بھر سے آنے والے ہندو زائرین اور سیاحوں کو مکمل سہولیات میسر ہوں۔ پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے صدر کرشن شرما نے کٹاس راج کمپلیکس کی تعمیر اور تزئین و آرائش پر وفاقی وزیر چوہدر ی سالک حسین اور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہندو مذہبی عبادتگاہیں محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقلیت نواز ملک ہے، میں دنیا بھر کے ہندو کمیونٹی کو پیغام دینا چاہتا ہوںوہ پاکستان آئیں اور اپنی مذہبی عبادتگاہوں کا دورہ کریں۔
پاکستان میں تمام مذاہب کے مقدس مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے: چوہدری سالک



















